گجرات: دوارکا میں بے قابو بس ڈیوائڈر توڑتی ہوئی تین گاڑیوں سے ٹکرائی، 4 بچوں سمیت 7 کی موت

قومی شاہراہ 51 پر رات 7.45 بجے بس دوارکا سے احمد آباد کی طرف جا رہی تھی۔ جانوروں کے سامنے آ جانے کے سبب ڈرائیور نے بس پر سے اپنا کنٹرول کھو دیا تھا۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

 گجرات کے دوارکا میں ہفتہ کی رات ایک درد ناک سڑک حادثہ میں 4 بچوں سمیت 7 لوگوں کی موت ہوگئی۔ وہیں 14 افراد کو شدید چوٹیں بھی آئیں۔ حادثہ ایک بس کے بے قابو ہو جانے کی وجہ سے ہوا جب وہ ڈیوائڈر پار کرکے دوسری لین میں آگئی اور تین تیز رفتار گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

دوارکا پولیس کے ذریعہ دی گئی اطلاع کے مطابق قومی شاہراہ 51 پر رات کے قریب 7.45 بجے یہ حادثہ ہوا۔ ایک بس دوارکا سے احمد آباد کی طرف جا رہی تھی، تبھی راستے میں جانوروں کے آنے سے ڈرائیور نے اچانک بس پر سے کنٹرول کھو دیا۔ جانوروں کو بچانے کے سبب بس ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ ہائی وے پر رفتار زیادہ ہونے کی وجہ سے بس ڈیوائڈر توڑتی ہوئی دوسری لین میں داخل ہوگئی اور سامنے سے آنے والی 3 تیز رفتار گاڑیوں سے متصادم ہو گئی۔


بس کی ٹکر ایک منی وین، ایک کار اور ایک موٹر سائیکل سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں 4 معصوم بچوں سمیت 7 لوگوں کے مرنے کی خبر ہے جبکہ 14 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کا علاج قریب کے ہی اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ حادثے میں مرنے والے 6 مسافر منی وین میں سوار تھے جبکہ ایک مسافر بس میں تھا۔ مرنے والے مسافروں کی شناخت ہو گئی ہے۔ چار بچوں میں تانیہ (2 سال)، ریانش (3 سال)، وِشان (7 سال)، پریانشی (13 سال) شامل ہیں۔ وہیں ہیتل بین ٹھاکور (25 سال)، چراغ رانا بھائی (25 سال)، بھاونا بین ٹھاکور (35 سال) کی بھی اس حادثہ میں موت ہوگئی ہے۔

جائے وقوع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ منی وین دوارکا سے گاندھی نگر کی طرف جا رہی تھی اور اپنی منزل سے کچھ ہی کلومیٹر کی دوری پر تھی۔ مرنے والے 6 لوگ گاندھی نگر کے کلول کے بتائے جاتے ہیں جبکہ بس پر سوار مہلوک شخص دوارکا کا رہنے والا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔