دہلی میں ٹماٹر نے خریداروں کو کیا بے حال، قیمت 100 روپے فی کلو کے پار، محض 24 گھنٹے میں 20 روپے ہوا مہنگا

دہلی کے ماڈل ٹاؤن علاقہ میں ٹماٹر کے ایک خوردہ فروش نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ٹماتر کی قیمت 100 روپے فی کلو گرام ہے، جبکہ ایک دن قبل ٹماٹر کی قیمت 80 روپے فی کلو تھی۔

ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

میڈیا رپورٹس میں ماہرین کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ تہواری سیزن کی وجہ سے ٹماٹر کی طلب میں اضافہ ہوا۔ طلب میں اس اضافہ کی وجہ سے ہی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ منسٹری آف کنزیومرس افیئرس کے اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں گزشتہ ایک ماہ میں 27 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ راجدھانی دہلی میں تو اس ٹماٹر نے لوگوں کا چہرہ کچھ زیادہ ہی لال کر دیا ہے۔

نوراتری کے تیسرے دن ملک کی راجدھانی دہلی میں ٹماٹر کی قیمتوں سے متعلق جب ٹماٹر فروشوں سے بات کی گئی تو وہ بھی مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دیے۔ دہلی کے ماڈل ٹاؤن علاقہ میں ٹماٹر فروخ تکرنے والے خوردہ فروش پپو نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو ہے۔ ایک دن قبل یہ قیمت 80 روپے فی کلو تھی۔ ظاہر ہے 24 گھنٹے میں ٹماٹر کی قیمت دہلی میں 20 روپے فی کلوگرام تک بڑھ چکی ہے۔ پپو کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹماٹر کی قیمت خوردہ بازار میں 120 روپے فی کلوگرام تک پہنچ سکتی ہے۔


آزاد پور منڈی سے ٹماٹر لا کر فروخت کرنے والے پپو کا کہنا ہے کہ منڈی سے 3 اکتوبر کو ٹماٹر 70 روپے فی کلوگرام خرید کر لائے تھے جس کی وجہ سے خوردہ قیمت 80 روپے فی کلو سے زیادہ تھی۔ ہفتہ کے روز صبح جب وہ منڈی پہنچے تو ٹماٹر کی قیمت 80 روپے فی کلوگرام ہو گئی تھی۔ ایسے میں خوردہ بازار میں ٹماٹر 100 روپے کلو فروخت کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ پپو نے امید ظاہر کی ہے کہ نوراتری کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں معمولی بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔