دہلی میں کڑاکے کی سردی، درجہ حرارت 2 ڈگری تک گرا

پورے شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی جاری ہے، سب سے برا حال جموں و کشمیر کا ہے جہاں سردی نے گزشتہ کئی سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، پہلگام میں پارہ منفی 12 ڈگری تک گر گیا ہے

 تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: شمالی ہندوستان سرد لہر کی وجہ سے کڑاکے کی سردی سے دو چار ہے۔ دہلی میں ایک مرتبہ پھر دھند نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ روشنی کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کی رفتار ماند پڑ گئی ہے۔ صبح کے وقت دہلی کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں خاصی گراوٹ درج کی گئی۔

پالم علاقہ میں صبح کے وقت 6.2 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا جبکہ صفدرجنگ میں درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ یکم جنوری کے بعد پہلی مرتبہ درجہ حرارت میں اتنی تنزلی واقع ہوئی ہے۔ یکم جنوری 2021 کو دہلی میں درجہ حرارت 1.1 ڈگری سیلسیس درج گیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین دن تک اسی طرح کا موسم بنا رہے گا اور اس میں مزید گراوٹ بھی درج کی جا سکتی ہے۔


دہلی کے علاوہ پورے شمالی ہندوستان میں بھی زبردست سردی پڑ رہی ہے۔ سب سے برا حال جموں و کشمیر کا ہے جہاں سردی نے کئی سالوں کا ریکارڈ منہدم کر دیا ہے۔ پہلگام میں پارہ منفی 12 ڈگری تک گر گیا ہے۔ گلمرگ میں بھی درجہ حرارت منفی 10 ڈگری درج کیا گیا ہے۔ سرینگر میں بھی بدھ کے روز کم از کم درجہ حرارت 7.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ 9 سالوں میں سب سے کم ہے۔

سرینگر میں ڈل جھیل مکمل طور پر منجمد ہو چکی ہے۔ سرینگر ایئرپورٹ پر انڈیگو کی فلائٹ کل ٹیک آف سے قبل کئی فٹ اونچے برف کے ڈھیر کے کافی نزدیک پہنچ گئی تھی۔ تاہم جہاز اور مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دریں اثنا، ایل جی منوج سنہا نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ شہر کے راستوں سے جلد برف ہٹا کر متاثرہ لوگوں تک مدد پہنچائی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔