دہلی میں کانگریس اپنی طاقت پر اسمبلی انتخاب لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے ووٹ فیصد سے ظاہر ہو گیا ہے کہ دہلی کی عوام کانگریس پر بھروسہ رکھتی ہے، وہ بی جے پی اور عآپ کی نورا کشتی اور ادنیٰ درجہ کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>

دیویندر یادو / تصویر آئی این سی

user

قومی آواز بیورو

’’دہلی میں کانگریس پارٹی مضبوط حالت میں ہے۔ دہلی اسمبلی میں پارٹی آزادانہ انتخاب لڑنے کی پالیسی کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ ہریانہ میں بری طرح شکست کے بعد کیجریوال کو سمجھ میں آ گیا ہے کہ ان کا وجود اب دہلی میں بھی بچنے والا نہیں ہے۔‘‘ یہ بیان دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا۔

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخاب کے نتائج سامنے آنے کے بعد گوپال رائے کے بیان سے صاف ہو گیا تھا کہ مستقبل میں دہلی میں اتحاد ممکن نہیں، پھر آج عآپ پارٹی کی ترجمان پرینکا ککڑ کا یہ بیان کہ دہلی اسمبلی کا انتخاب عآپ تنہا لڑے گی، دہلی کی عوام کو گمراہ کر کے ہمدردی لینے کی محض کوشش ہے۔ دیویندر یادو نے مزید کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے ووٹ فیصد سے ظاہر ہو گیا تھا کہ دہلی کی عوام کانگریس پر بھروسہ رکھتی ہے۔ لوگ بی جے پی اور عآپ کی نورا کشتی اور ادنیٰ درجہ کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ دہلی کانگریس اس وقت مضبوط حالت میں ہے اور اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔


دیویندر یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ دہلی کی عوام سمجھ چکی ہے کہ گزشتہ 11 سالوں میں دہلی برباد ہو چکی ہے۔ اس بربادی کے لیے سیدھے طور پر عآپ ذمہ دار ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ کیجریوال کے جھوٹے وعدوں اور کھوکھلی بیان بازی کے سبب دہلی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میں اروند کیجریوال اور عآپ کے سُراب سے اب پردہ اٹھ گیا ہے۔ دہلی کی عوام بے روزگاری، مہنگائی، پانی، بجلی، سڑک، سیور، آلودگی، گندگی جیسے مسائل سے بری طرح پریشان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔