دہلی: ایک ہفتہ میں 3000 نئے معاملے، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہنگامی اجلاس طلب کیا

دہلی حکومت نے ہوم آئسولیشن میں رہ رہے مریضوں کی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ صحت نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اپنے علاقہ میں سرویلانس ٹیم کو پھر سے فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ خیال رہے کہ دہلی میں بدھ کے روز 500 سے زیادہ کورونا کے معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران تقریباً 3000 نئے معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس اجلاس کے دوران حکومت کچھ علاقوں میں سخت بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ لے سکتی ہے۔ اجلاس میں وزیر صحت ستیندر جین سمیت متعلقہ افسران موجود رہیں گے۔ دریں اثنا، دہلی حکومت نے ہوم آئسولیشن میں رہ رہے مریضوں کی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ صحت نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اپنے علاقہ میں سرویلانس ٹیم کو پھر سے فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔


دہلی حکومت کے مطابق فی الحال دہلی میں انفیکشن کی شرح ایک فیصد سے کم ہے لیکن کچھ دنوں سے فعال مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ ہوم آئسولیشن میں رہ رہے مریضوں کے لاپرواہی برتنے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، لہذا نگرانی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے 35871 نئے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں جو 100 سے زیادہ دنوں میں ایک دن میں انفیکشن کے سب سے زیادہ معاملے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں انفیکشن کی مجموعی تعداد بڑھ کر 11474605 ہو گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق لگاتار آٹھویں روز کورونا وائرس کے معاملے بڑھنے سے متاثرین کی تعداد 252364 ہو گئی ہے جو کل معاملوں کا 2.20 فیصد ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔