مہاراشٹر میں بی جے پی کو جھٹکا، سابق رکن پارلیمنٹ شیشوپال پاٹلے نے تھاما کانگریس کا ہاتھ

مہاراشٹر کے بھنڈارا سے بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ شیشوپال پاٹلے جمعہ کو کانگریس میں شامل ہو گئے۔ اسے مہاراشٹر بی جے پی کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے بھنڈارا سے بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ شیشوپال پاٹلے جمعہ کو کانگریس میں شامل ہو گئے۔ اسے مہاراشٹر بی جے پی کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نانا پٹولے کی قیادت میں اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔

بھنڈارا بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ شیشوپال پاٹلے نے مہاراشٹر بی جے پی صدر باونکولے کے نام تحریر کردہ اپنے استعفیٰ میں کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ وہ بھاری دل کے ساتھ پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بی جے پی میں اٹل بہاری واجپائی اور لال کرشن اڈوانی کا دور ختم ہو چکا ہے۔


بھنڈارا ضلع پریشد کے سابق صدر شیشوپال نے 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے پرفل پٹیل کو شکست دی تھی۔ انہیں بھنڈارا-گوندیا ضلع کی سیاست میں پووار برادری کا ایک بڑا چہرہ قرار دیا جاتا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل پاٹلے کا استعفیٰ بھنڈارا میں بی جے پی کے لیے بڑا نقصان ہے۔

شیشوپال پاٹلے کے اسمبلی حلقہ کے ساتھ ساتھ بھنڈارا ضلع میں بھی ان کی برادری کی خاصی آبادی ہے۔ پاٹلے 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں اس وقت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) شہری ہوابازی پرفل پٹیل کو شکست دے کر ایک بڑے لیڈر بن گئے تھے۔ 2009 میں وہ دوسری بار سیٹ جیتنے میں ناکام رہے۔

خیال رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 288 ہے۔ سال 2019 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔ اس وقت حکمراں مہایوتی کے پاس 218 سیٹیں ہیں اور اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی کے پاس 78 سیٹیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔