’67 دنوں میں فوج کے 18 جوان شہید ہو چکے‘، نو تشکیل مودی حکومت پر کانگریس کا حملہ، جاری کی دہشت گردانہ واقعات کی فہرست
آج ڈوڈہ میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان ہوئے تصادم کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’نریندر مودی کو وزیر اعظم عہدہ کا حلف لیے 67 دن ہو چکے ہیں، ان 67 دنوں میں 17 دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔‘‘
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان آج تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک افسر شہید ہو گیا ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ہوئے اس تصادم کے بعد کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ پی ایم مودی کی حلف برداری کے بعد ایسے واقعات لگاتار بڑھے ہیں۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے اپنے آفیشیل ہینڈل سے اس معاملے میں ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی کو وزیر اعظم عہدہ کا حلف لیے 67 دن ہو چکے ہیں۔ ان 67 دنوں میں 17 دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ آج پھر جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں ہوئے دہشت گردانہ تصادم میں فوج کے ایک افسر شہید ہو گئے۔ گزشتہ 67 دنوں میں فوج کے 18 جوان شہید ہو چکے ہیں۔‘‘
اس پوسٹ میں کانگریس نے پی ایم مودی کی حلف برداری کے بعد جموں و کشمیر میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعات کی فہرست بھی پیش کی ہے جو اس طرح ہے...
9 جون 2024: ریاسی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 10 شہریوں کی موت، تقریباً 50 افراد زخمی۔
11 جون 2024: کٹھوا میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 5 جوان اور 1 پولیس افسر زخمی۔
11 جون 2024: ہیرا نگر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 1 سی آر پی ایف جوان شہید۔
12 جون 2024: ڈوڈہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 1 پولیس جوان بری طرح زخمی۔
26 جون 2024: ڈوڈہ میں ہوئے تصادم میں 4 جوان زخمی۔
6 جولائی 2024: کلگام میں ہوئے دہشت گردانہ تصادم میں 2 جوان شہید۔
7 جولائی 2024: راجوری میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 1 جوان زخمی۔
8 جولائی 2024: کٹھوا میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 5 جوان شہید، 5 زخمی۔
9 جولائی 2024: ڈوڈہ کے گھڈی بھگوا میں دہشت گردانہ تصادم۔
15 جولائی 2024: ڈوڈہ کے دھاری گوٹ پر فوج کے 1 افسر اور 3 جوان شہید۔
18 جولائی 2024: جموں و کشمیر کے کستی گڑھ میں 2 جوان زخمی۔
22 جولائی 2024: راجوری میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 1 جوان زخمی۔
23 جولائی 2024: پونچھ میں 1 جوان شہید۔
24 جولائی 2024: کپواڑہ میں 1 جوان شہید۔
27 جولائی 2024: کپواڑہ میں 1 جوان شہید اور کئی زخمی۔
29 جولائی 2024: بارہمولہ دھماکہ میں 4 شہریوں کی موت۔
10 اگست 2024: اننت ناگ میں 2 جوان شہید، 4 جوان زخمی، 1 شہری کی موت۔
14 اگست: جموں و کشمیر میں ایک افسر شہید اور ایک شہری زخمی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔