عمران خان اپنے ملک پاکستان کا خیال رکھیں: نصیر الدین شاہ
فلم اداکار نصیرالدین شاہ نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے بارے میں بیانات دینے کے بجائے اپنے ملک پر توجہ مرکوز رکھیں۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے نصیر الدین شاہ کا نام لے کر اقلیتوں کی صورتحال پر ایک بیان دینے پر نصیر الدین شاہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ نصیر الدین شاہ کے مطابق عمران خان کو پاکستان کے معاملات پر ہی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔
بالی ووڈ کے معروف اور مقبول اسٹار نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ستر برسوں سے ہندوستان میں جمہوریت کا راج ہے اور ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ اپنا خیال کیسے رکھنا ہے۔
نصیر الدین شاہ نے ’سنڈے ایکسپریس‘ سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو ان وعدوں کو پورا کرنا چاہیے، جو انہوں نے طاقت ملنے سے قبل کیے تھے اور انہیں ایسے معاملات کے بارے میں رائے نہیں دینا چاہیے، جن کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔
نصیرالدین شاہ نے یہ بیان پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کے تناظر میں دیا ہے، جس میں عمران خان نے نصیر الدین شاہ کے ایک بیان کے تناظر میں کہا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے حالات واقعی بہتر نہیں ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بتائیں گے کہ اقلیتوں کا خیال کیسے رکھا جاتا ہے۔ عمران خان کے مطابق ان کی حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے، جن سے اقلیتوں کو برابری کے حقوق میسر آسکیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔