عمران خان کا مودی کو مکتوب ایک خوش آئندہ اقدام: شاہ فیصل

شاہ فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان مل جل کر جنوبی ایشیا کے خوشحال اور پُر امن مستقبل کی تاریخ ازسر نو رقم کر سکتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ اور سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو مذاکراتی عمل بحال کرنے کی تازہ اپیل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

بتادیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے نام ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں جنوبی کشمیر کے پائیدار امن و استحکام کے لئے اور ہمسائیگی میں امن و آشتی کے فروغ کے لئے مل جل کر کام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان مل جل کر جنوبی ایشیا کے خوشحال اور پُر امن مستقبل کی تاریخ از سر نو رقم کرسکتے ہیں۔


انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: 'یہ ایک انتہائی حوصلہ بخش پیش رفت ہے، پاکستان کو اس سے قبل کبھی اس قدر آمادہ نہیں دیکھا گیا، پاکستانی وزیر اعظم کے اس دوستی کے آفر کو قبول کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نریندر مودی اور عمران خان مل جل کر جنوبی ایشیا کے خوشحال اور پُرامن مستقبل کی تاریخ ازسر نو رقم کرسکتے ہیں'۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوبارہ بر سر اقتدار آنے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے یہ اول الذکر کے ساتھ دوسرا رابطہ ہے قبل ازیں عمران خان نے 2 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔


بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کے نام مکتوب روانہ کیا ہے جس میں مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنوری سال 2016 میں پٹھان کوٹ میں واقع ایئر فورس اسٹیشن پر جنگجویانہ حملے کے بعد سے دو طرفہ مذاکراتی عمل معطل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔