مقید صحافی صدیق کپن اپنی بیمار والدہ سے آن لائن ملاقات کریں گے، سپریم کورٹ نے دی منظوری

ہاتھرس واقعہ کے بعد جائے وقوعہ پر جانے کے سلسلے میں گرفتار کیرالہ سے تعلق رکھنے والے آزاد صحافی صدیق کپن کو جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنی والدہ سے بات کرنے کی اجازت دے دی

آزاد صحافی صدیق کپن
آزاد صحافی صدیق کپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: اترپردیش میں ہاتھرس کے واقعہ کے بعد جائے وقوعہ پر جانے کے سلسلے میں گرفتار ہونے والے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے آزاد صحافی صدیق کپن کو جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنی والدہ سے بات کرنے کی اجازت دے دی۔

جیسے ہی اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی سربراہی میں بینچ کے سامنے شروع ہوئی ، ریاستی حکومت نے سماعت ایک ہفتہ تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ اس پر کپن کی جانب سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ، جبکہ درخواست گزار کی 90 سالہ والدہ اپنے بیٹے سے ملنے کے لئے تڑپ رہی ہیں۔


مسٹر سبل نے کہا کہ جیل ضابطہ کے تحت ویڈیو کانفرنسنگ کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں ، اس کے مؤکل کی والدہ اپنے بیٹے سے بات نہیں کرسکتی ہیں۔ ان کی درخواستوں پر ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کا انتظام کرے گی تاکہ کپن اور اس کی والدہ ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرسکیں۔

بینچ نے ویڈیو کانفرنسنگ کی اجازت دینے پر اتفاق کیا اور سماعت اگلے ہفتے پیر تک ملتوی کر دی۔ گذشتہ سال اکتوبر کے پہلے ہفتے سے ہی کپن جیل میں بند ہیں۔ انہیں اترپردیش پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ ہاتھرس کے واقعے کے بعد موقع واردات پر جارہے تھے ۔ تب سے وہ جیل میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔