معیشت میں بہتری کے لئے سرکاری اسکیموں کا ٹھوس نفاذ اہم ترجیحات میں شامل:کمل ناتھ
کمل ناتھ نے کہا کہ وہ ہمیشہ معیشت میں بہتری کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ جب وہ مرکزی حکومت میں وزیر تھے، اس وقت بھی معیشت میں کئی تبدیلیاں کرکے بہتر نتائج حاصل کئے تھے۔ یہی کام وہ اس ریاست میں بھی کریں گے۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے نومنتخب وزیراعلی کمل ناتھ نے کہا کہ ریاست کے سربراہ کے طور پر ان کا اہم ہدف معیشتوں میں بہتری لانے اور سرکاری اسکیموں کے ٹھوس نفاذ پر ہوگا۔
سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ معیشت میں بہتری کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ جب وہ مرکزی حکومت میں وزیر تھے، اس وقت بھی معیشت میں کئی تبدیلیاں کرکے بہتر نتائج حاصل کئے تھے۔ یہی کام وہ اس ریاست میں بھی کریں گے۔
کمل ناتھ نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کئی ایسے شعبے ہیں جو کافی پرانے ہیں۔ مختلف یونیورسیٹیاں ہیں، اسی طرح کئی ایسے قوانین بھی ہیں، ان سبھی میں بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکیموں کے نفاذ میں کافی بہتری کی ضرورت ہے اور اسے بھی ترجیحی بنیاد پر اس کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اسکیم مکمل طور سے فائدہ پہنچا رہی ہے کہ نہیں یا ایسا تو نہیں ہے کہ فائدہ اٹھانے والوں کو اس اسکیموں کا فائدہ رشوت دینے پر ہی مل رہا ہے۔ ان سب چیزوں پر نظر رکھ کر ہی معیشت میں بہتری لائے جائے گی۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی اور معیشت میں بہتری کے لئے لوگوں کو ’مائنڈ سیٹ‘ میں بھی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ اس سمت میں بھی کام کئے جائیں گے۔
ترقیاتی کاموں اور کانگریس کے انتخابی منشور میں دیئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے ضروری وسائل کو اکٹھا کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے اشارہ دیا کہ سرکاری اخراجات میں تخفیف کی جائے گی۔ ریاستی خزانہ پر قرض کا بوجھ کم ہو، یہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ نئے وسائل اکٹھے کرنے کے لے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
ریاست میں پندرہ برسوں بعد کانگریس کے اقتدار میں واپسی کمل ناتھ کی قیادت میں ہی ہوئی ہے اور وہ وزیراعلی کی حیثیت میں 17 دسمبر کو یہاں جنبوری میدان میں منعقد حلف برداری تقریب میں حلف لیں گے۔
تجربہ کار لیڈر کمل ناتھ کو کانگریس کی مرکزی قیادت نے اسی سال اپریل مہینے میں ریاستی کانگریس صدر بنا کر اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کی ذمہ داری ان کے حوالے کی تھی۔ انہوں نے سبھی سینئر لیڈروں سے تال میل بنا کر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت یقینی بنائی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔