"میں کمرہ نمبر 10 میں کھٹملوں کی وجہ سے جاگ رہا ہوں"، ریلوے کمپلین بُک میں لوکو پائلٹ نے کیا اپنا درد بیاں

ریلوے رننگ روم میں لوکو پائلٹوں کی نیند پوری نہیں ہونے سے ٹرین آپریشن میں دقت اور خطرے کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے سبھی زون کو فوراً اس مسئلہ کا حل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کھٹمل، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

کھٹمل، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

کھٹمل اور مچھر صدیوں سے انسان کی نیند حرام کرتے آ رہے ہیں۔ یہ گھر، گلی محلوں کے بعد اب ٹرینوں میں بھی انسانوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ مچھروں اور کھٹملوں کی یہ کارستانی ریلوے رننگ روم میں رکھی کمپلین بُک میں درج شکایتوں سے سامنے آئی ہے۔ رننگ روم وہ جگہ ہوتی ہے جہاں لوکو پائلٹ یعنی ٹرین کے ڈرائیور ڈیوٹی کرنے کے بعد آرام کرتے ہیں۔ رننگ روم میں کھٹمل اور مچھروں کی وجہ سے لوکو پائلٹ نیند پوری نہیں کر پا رہے ہیں۔ ان کی شکایتوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریلوے بورڈ نے سبھی زون کو فوراً اس مسئلہ کا حل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں خراب کھانا، گندے کمرے اور خراب اے سی کی کافی شکایتیں کی گئی ہیں۔

ایک لوکو پائلٹ اور ان کے اسسٹنٹ نے 28 اگست کو شمال مغربی ریلوے زون کے اجمیر ڈویژن میں ایک رننگ روم کی کمپلین بُک میں لکھا "میں کمرہ نمبر 10 میں کھٹملوں کی وجہ سے رات 12.30 بجے سے جاگ رہا ہوں۔ نیند پوری نہیں ہونے کی وجہ سے غیر آرام دہ محسوس کر رہا ہوں، اس سے ٹرین آپریشن کو کافی نقصان ہو سکتا ہے۔" سپر وائزر نے اپنی کارروائی رپورٹ میں لکھا ہے کہ انہوں نے 31 اگست کو کیڑوں اور چوہوں کو بھگانے سے متعلق خدمات کے لیے حکم دیا تھا اور مسئلہ کا حل ہو گیا ہے۔


 سنٹرل ریلوے زون کے تحت ناگپور ڈویژن کے بلہارشاہ رننگ روم میں ایک اسسٹنٹ لوکو پائلٹ نے بھی اسی طرح کا معاملہ اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ کھٹملوں کے بارے میں اس کی پچھلی شکایتوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اسسٹنٹ لوکو پائلٹ نے لکھا ہے کہ کھٹملوں کا مسئلہ پہلے بھی تھا اور اب بھی رننگ روم کے کمرہ نمبر 15، 16 یا 17 میں بنا ہوا ہے۔ اب چوہے بھی ایک سنگین مسئلہ بن گئے ہیں۔ رننگ روم میں آرام کرنے کے بجائے ہم پریشان ہو جاتے ہیں، اگر ہمیں پوری نیند نہیں ملے گی تو ہم اپنا کام کیسے کریں گے۔

دیگر رننگ روم کی کمپلین بُک سے بھی پتہ چلتا ہے کہ کھٹملوں کا مسئلہ دیگر ریل ڈویژنوں میں بھی ہے۔  شعلہ پور ریل ڈویژن کے کُردوواڑی جنکشن کے رننگ روم میں لوکو پائلٹ نے کھٹمل کی شکایت کی ہے۔ ایک میل ٹرین کے لوکو پائلٹ نے شکایت کرتے ہوئے لکھا 'کے ڈبلیو آر' رننگ روم کے بیڈ نمبر 7 پر کھٹمل رینگ رہے تھے، جس کی وجہ سے نیند میں خلل پڑا اور مجھے بیچ میں ہی بستر تبدیل کرنا پڑا۔ مچھروں اور کھٹملوں کا مسئلہ جلد حل ہونا ضروری ہے کیونکہ اگر رننگ روم میں لوکو پائلٹ ان کی وجہ سے نیند نہیں پوری کر پاتے ہیں تو انہیں کام کرنے میں پریشانی ہوگی جو خطرے کی وجہ بن سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔