غازی آباد میں غیر قانونی حقہ بار پر پولیس کا چھاپہ، 19 افراد گرفتار
عہدیدار نے بتایا کہ ’’چھاپہ کے دوران تقریباً سات حقے، کوئلے کا ایک پیکٹ، سات چلم اور حقے میں استعمال ہونے والے مختلف ذائقوں والے تمباکو کے کئی پیکٹ ضبط کیے گئے ہیں۔"
غازی آباد: اتر پردیش کے غازی آباد ضلع میں پولیس نے ایک غیر قانونی ’حقہ بار‘ پر چھاپے کے دوران 19 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ایک اہلکار نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع فراہم کی۔ اہلکار کے مطابق مذکورہ حقہ بار اندرا پورم کے اربن ٹیرس ریستوراں میں چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موقع سے بڑی تعداد میں حقے اور دیگر مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ ’’چھاپہ کے دوران تقریباً سات حقے، کوئلے کا ایک پیکٹ، سات چلم اور حقے میں استعمال ہونے والے مختلف ذائقوں والے تمباکو کے کئی پیکٹ ضبط کیے گئے ہیں۔" پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 188 (عوامی ملازم کے ذریعہ جاری کردہ حکم کی نافرمانی) اور 269 (لاپرواہی والا ایسا عمل جس سے مہلک بیماری پھیل سکتی ہے) کے تحت مقدمہ درج کیا اور تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کی شناخت وکاس، سندیپ سنگھ، آلوک، امن، آصف، سمیت، سونو، عاقب، شیوم، امن، جتن، حسین، سہیل، انکور مینا، دنیش کمار، زبیر، آئیک، سہیل اور شیوم کے طور پر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ غازی آباد پولیس نے حقہ بار جیسے ٹھکانوں کے خلاف مہم چلائی ہوئی ہے۔ حال ہی میں اندرا پورم تھانہ سے چند قدم دور وسندھرا سیکٹر 10 میں بھی ایک غیر قانونی حقہ بار پر چھاپہ مار کر کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ بار بغیر کسی نام کے چل رہا تھا اور اس کی وجہ سے آس پاس رہنے والے لوگ بھی پریشان تھے۔ پولیس نے اس حقہ بار سے کئی حقے، تمباکو، پائپ اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔