بہار میں ’افطار پارٹی کی سیاست‘ پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا رد عمل آیا سامنے

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم لوگ بھی افطار پارٹی میں سبھی پارٹیوں کے لوگوں کو بلاتے ہیں، افطار کا انعقاد کیا جاتا ہے تو اس کا احترام تو کرنا ہی پڑتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش پہنچ کر آر جے ڈی کے دعوتِ افطار میں شامل ہو کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ اس کے بعد ریاست میں طرح طرح کی بحث ہونے لگی۔ ان مباحثوں کے درمیان وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو کہا کہ افطار پارٹی کا سیاست سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایت رہی ہے۔ ہم لوگ بھی افطار پارٹی میں سبھی پارٹیوں کے لوگوں کو بلاتے ہیں۔ افطار کا انعقاد کیا جاتا ہے تو اس کا احترام تو کرنا ہی پڑتا ہے۔

نتیش کمار نے کہا کہ افطار پارٹی کا انعقاد سبھی سیاسی پارٹیوں کی طرف سے کیا جاتا ہے۔ سبھی سیاسی پارٹی کے لوگ ایک دوسرے کی افطار پارٹی میں جاتے ہیں۔ مجھے بھی بلایا گیا تھا، تو جانے کا فیصلہ کیا، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش پر آ رجے ڈی کے ذریعہ دعوت افطار کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں نتیش کمار بھی شامل ہوئے تھے۔ نتیش کمار اپنی رہائش سے نکل کر پیدل ہی رابڑی دیوی کی رہائش پہنچ گئے تھے۔ وہاں انھوں نے رابڑی دیوی کے ساتھ میسا بھارتی، تیجسوی یادو، تیج پرتاپ یادو اور تیجسوی کی بیوی راج شری سے بھی ملاقات کی تھی۔

کافی دیر تک نتیش کمار رابڑی دیوی کی رہائش میں رکے تھے اور اس دوران تیجسوی سے ان کی بات چیت بھی ہوئی۔ دعوت افطار کے بعد نتیش کمار بھیڑ کی وجہ سے صحافیوں سے بات چیت نہیں کر پائے تھے۔ نتیش کے رابڑی دیوی کے گھر پہنچنے کے بعد ریاست کی سیاست میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہونے لگی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔