ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاؤگے تو ای ڈی-سی بی آئی، پولیس، ایف آئی آر سب سے لاد دیئے جاؤ گے، مگر گاندھی نہیں ڈرتے! کانگریس

کانگریس نے راہل گاندھی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کا بیان ہے ’’میں سچائی میں یقین رکھتا ہوں۔ میں سچائی کے لئے لڑتا ہوں۔ میں بی جے پی-آر ایس ایس سے نہیں ڈرتا اور یہی بات انہیں پریشان کرتی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ٹوئٹر /@INCIndia</p></div>

راہل گاندھی / ٹوئٹر /@INCIndia

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مودی کنیت پر تبصرہ کرنے کے معاملہ میں سورت کی عدالت سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو سزا سنائے جانے کے بعد کانگریس پارٹی اور لیڈران کی جانب سے سخت رد عمل ظاہر کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو سچائی اور محروموں کے لئے آواز اٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے اور گاندھی نہیں ڈرتے۔

کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے راہل گاندھی کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ان کا بیان ہے ’’میں سچائی میں یقین رکھتا ہوں۔ میں سچائی کے لئے لڑتا ہوں۔ میں بی جے پی-آر ایس ایس سے نہیں ڈرتا اور یہی بات انہیں پریشان کرتی ہے۔‘‘


انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’بزدل، تاناشاہ بی جے پی سرکار راہل گاندھی اور اپوزیشن سے بوکھلائی ہوئی ہے کیونکہ ہم ان کے سیاہ کرتوتوں کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ جے پی سی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سیاسی دیوالیہ پن کا شکار مودی حکومت ای ڈی اور پولیس کو بھیجتی ہے۔ سیاسی تقاریر پر مقدمات مسلط کرتی ہے۔ ہم ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔‘‘

پارٹی کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا ’’یہ نیو انڈیا ہے۔ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاؤگے تو ای ڈی-سی بی آئی، پولیس، ایف آئی آر سب سے لاد دیئے جاؤ گے۔ راہل گاندھی کو بھی سچ بولنے کی، تاناشاہ کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا مل رہی ہے۔ ملک کا قانون راہل گاندھی کو اپیل کا موقع فراہم کرتا ہے، وہ اس حق کا استعمال کریں گے۔ ہم ڈرنے والے نہیں۔‘‘


کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ’’ڈری ہوئی پوری مشینری سام، دام، ڈنڈ بھید (تمام طرح کے حربے) کے ذریعے راہل گاندھی کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ میرے بھائی نہ کبھی ڈرے ہیں، نہ کبھی ڈریں گے۔ سچ بولتے ہوئے جیے ہیں، سچ بولتے رہیں گے۔ ملک کے لوگوں کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ سچائی کی طاقت اور ملک کے کروڑوں شہریوں کا پیار ان کے ساتھ ہے۔‘‘

پارٹی کی قومی ترجمان سپریہ شرینیت نے لکھا ’’تمہارا پورا نظام، تمہارے وسائل، تمہاری پولیس اور تم، ایک شخص کو خاموش کرنے میں مصروف ہو، کیونکہ اس نے تمہارے مکھوٹے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دیکھنا، سچ کی طاقت- جیت اسی کی ہوگی۔ گاندھی ڈرتے نہیں ہیں۔‘‘


وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے کہا ’’راہل گاندھی سچائی اور عدم تشدد کے سپاہی ہیں۔ وہ حکومتی نظام کے دباؤ میں جھوٹ کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔ راہل جی اور کانگریس پارٹی فسطائی طاقتوں کے خلاف مضبوطی سے لڑتی رہے گی۔‘‘

وزیر اعلیٰ چھتیس گڑھ بھوپش بگھیل نے کہا ’’'انصاف' کے لیے لڑنا کہاں آسان ہے، ہماری افسانوی تحریریں ناانصافی پر انصاف کی جیت کا پیغام ہیں، یہی زندگی کا طریقہ ہے۔ وطن کی آزادی کی جدوجہد بھی زندگی کی اسی راہ سے گزری ہے۔ راہل گاندھی جی کی زندگی کا راستہ بھی یہی ہے۔ تاناشاہ سامنے ہیں تو کیا؟ جو محروم ہیں وہ سب یکجا ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔