’آر ایس ایس چیف کے بیان میں ذرا سی بھی صداقت ہے تو نفرت پھیلانے والوں پر لگائیں قدغن‘

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا ’’اگر بھاگوت کے بیان میں ذرا بھی صداقت ہے تو وہ نفرت پھیلانے و مذہبی جذبات مجروح کرنے والوں پر قدغن لگائیں، نہیں تو سمجھا جائے گا کہ ان کا بیان صرف گمراہ کرنے والا ہے‘‘

ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub
ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub
user

یو این آئی

لکھنؤ: آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت جی کا یہ بیان کہ ملک میں اب وہ مسجد مندر کے معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے، اگر ان کے اپنے بیان میں ذرا سی بھی صداقت ہے تو وہ نفرت پھیلانے و مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی اپنی ذیلی تنظیموں پر قدغن لگائیں، جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہ سکے ،نہیں تو سمجھا جائے گا کہ ان کا مذکورہ بیان صرف گمراہ کرنے والا ہے۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ فسطائی تنظیمیں حالات کو روز بروز فرقہ وارانہ بناکر مسلمانوں کے خلاف اکثریت کو اکسانے و نفرت پھیلانے کا جو کام کر رہی ہیں ، اس سے عالمی سطح پر ملک کی عزت و آبرو پر داغ لگ رہا ہے، و چاروں پر مذمت کی جا رہی ہے۔ اس کا ذمہ دار کوں ہے ؟ یہ ملک کو معلوم ہے ،مگر بی جے پی کو اس کی فکر نہیں ہے ۔ آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے بیان سے کچھ لگا تھا کہ ان کی ذیلی تنظیموں پر قدغن لگے گا ،مگر قدغن کے برعکس نفرت پھیلانے و مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والوں پر کوئی اثر نہیں ہوا ،بلکہ مذکورہ تنظیمیں ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی برباد کرنے و یکجہتی و سالمیت کو درہم برہم کرنے میں کوشاں ہیں۔


بی جے پی آئندہ 2024 کے پارلیمانی انتخاب کے پولرائزیشن کے تحت ایسا لگتا ہے کہ ابھی سے تیاری کی ضمن میں اپنی معاون تنظیموں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے ،تاکہ ایک مرتبہ پھر وہ فرقہ وارایت کے سہارے کامیابی حاصل کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے آخری نبی کی شان میں گستاخی کرنے والی نوپور شرما و جندل کو گرفتار کرنے کے برعکس معطل کر عالمی سطح پر جو اپنی شبیہ سدھارنے کی کوشش کی ہے ،اس کا کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے ،جب تک کہ انہیں گرفتار کر ان پر مقدمہ چلایا ، و فسطائی طاقتوں پر قدغن نہ لگایا جائے۔

ملک کو انتخاب کی عینک سے دیکھنے والوں کو یہ سمجھ لینا چاہیئے کہ ملک میں امن امان قائم و خوشحالی تبھی آسکتی ہے ،جب تک فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہے گی ۔ملک کے کسی طبقہ کے استحصال سے ترقی نہیں ،بلکہ بربادی کی راہ ہموار ہوتی ہے ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ اگر آر ایس ایس و بی جے پی نے اپنی ذیلی تنظیموں پر قدغن نہیں لگایا تو یہ ملک کی یکجہتی و سالمیت کے لئے بہت بڑا خطرہ ہوگا ،اس لئے ملک سب سے اوپر و عظیم ہے اس کی یکجہتی و سالمیت کے لئے شرپسند فسطائی طاقتوں پر قدغن لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،تاکہ عالمی سطح پر ملک کی عزت میں اضافہ ہو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔