پولیس اہلکار ملک کو سنبھالے، حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی: امت شاہ
امت شاہ نے ملک کی داخلی اور خارجی سیکورٹی میں مصروف پولیس اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے آج انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کرے گی
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی داخلی اور خارجی سیکورٹی میں مصروف پولیس اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے آج انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کرے گی۔ پولیس یادگاری دن کے موقع پر شاہ نے آج چانکیہ پوری میں واقع نیشنل پولیس میموریل میں ملک بھر کے شہید پولیس اہلکاروں کو قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔
پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وہ مکمل اطمینان کےساتھ اور پوری مستعدی سے ملک کی داخلی سلامتی اور امن و امان کے حالات کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ تیار ، باخبر ہے اور رہے گی۔ حکومت آنے والے دنوں میں ٹریننگ ، بھرتی اور جدید کاری کی سمت میں ایسے بہت سے اقدامات کرنے جارہی ہے تاکہ پولیس فورس مضبوطی کے ساتھ ملک کی خدمت کرسکے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں داخلی سلامتی کے محاذ پر دہشت گردی ، سائبر کرائم اور دیگر مسائل کی وجہ سے پولیس کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے ،انہیں اس سے نمٹنے کیلئے مختلف جہتوں اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ اس سے نمٹنے کے لئے پولیس کو تمام زاویوں سے جدید بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ میں مصروف پولیس فورس فوج کی مدد سے اپنا کام انجام دے رہی ہے اور اب سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ٹکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے۔ اس سمت میں وسیع پیمانے پر کام کیا جارہا ہے جس کے بعد پولیس فورس ٹکنالوجی اوراپنی مستعدی کے تال میل سے بہتر طریقے سے ملک کومحفوظ رکھ پائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔