لوگ نہیں مانے تو 2 اپریل سے مہاراشٹر میں ’لاک ڈاؤن‘ لگایا جائے گا: نائب وزیر اعلیٰ

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں سے بھی گزارش کی ہے کہ اپنے سبھی عوامی پروگرام آنے والے کچھ دنوں کے لیے منسوخ کر دیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کی رفتار لگاتار تیز ہوتی جا رہی ہے۔ حالات اس قدر فکر انگیز ہو گئے ہیں کہ کئی شہروں میں لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اٹھانے پڑ گئے ہیں۔ بے قابو کووڈ-19 کی وجہ سے ہی ریاستی حکومت نے 28 مارچ سے نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس درمیان مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا ایک بڑا بیان منظر عام پر آیا ہے۔ انھوں نے ریاستی عوام کو مکمل لاک ڈاؤن کی تنبیہ دے ڈالی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر لوگوں نے کورونا پروٹوکول پر عمل نہیں کیا تو 2 اپریل سے لاک ڈاؤن جیسا سخت فیصلہ حکومت کو لینا پڑا سکتا ہے۔ لہٰذا لوگ سنبھل جائیں اور احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔‘‘

اجیت پوار نے عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں سے بھی گزارش کی ہے کہ اپنے سبھی عوامی پروگرام آنے والے کچھ دنوں کے لیے منسوخ کر دیں۔ پونے میں 31 اپریل تک اسکول بند کرنے کا فیصلہ بھی صادر کر دیا گیا ہے۔ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں کے 50 فیصد بستر کورونا کے بڑھتے قہر کے سبب حکومت اپنے پاس لے لے گی۔


اس درمیان ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا ہے کہ جہاں پر پانچ یا اس سے زیادہ کورونا کیسز ہیں، اسے بی ایم سی سیل کر دے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جھگی-جھونپڑی کے مقابلے اونچی عمارتوں میں زیادہ کورونا کا پھیلاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 28 مارچ سے لگنے والے نائٹ کرفیو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران ممبئی میں ہوٹل اور پب بند رہیں گے۔ ممبئی میں نائٹ کرفیو 28 مارچ کی شب 10 یا 11 بجے سے نافذ ہو سکتا ہے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کی موجودہ گائیڈ لائنس کے مطابق ریاست کے سبھی مال رات 8 بجے سے لے کر صبح 7 بجے تک بند رہیں گے۔ فلم تھیٹرس میں 50 فیصد لوگ ہی جا پائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ شادی تقریب میں 50 سے زیادہ لوگ شامل نہیں ہوں گے۔ آخری رسومات میں بھی زیادہ سے زیادہ 20 لوگ ہی شامل ہو سکیں گے۔ ہولی کے تہوار کو لے کر بھی گائیڈ لائنس جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق ہولی کھیلنے کے لیے بھیڑ لگانے پر مکمل طور سے پابندی رہے گی۔ ساتھ ہی عوامی مقامات پر ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Mar 2021, 7:43 AM