رام مندر تعمیر کا کام شروع نہیں ہوا تو BJP کے خلاف ملک گیر تحریک کا خدشہ: سوامی

بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کا کہنا ہے کہ اگر نریندر مودی رام مندر کی تعمیر کا کام شروع نہیں کراتے ہیں تو بی جے پی کے خلاف ملک گیر ہندو تحریک شروع ہوسکتی ہے۔ مسٹر مودی کو یہ خطرہ نہیں مول لینا چاہئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بی جے پی کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر سبرامنیم سوامی نے مرکز کی مودی حکومت سے ایودھیا میں رام مندر تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کرانے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی سبرامنیم سوامی نے متنبہ کیا ہے کہ ایسا نہیں کرنے پر بی جے پی کے خلاف ملک گیر ہندو تحریک شروع ہوسکتی ہے۔ اس خدشہ کا اظہار سبرامنیم سوامی نے 25 دسمبر کو ایک ٹوئٹ میں کیا۔ اس ٹوئٹ مں انھوں نے کہا کہ ”اگر وزیر اعظم نریندر مودی سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راو کے ذریعہ پیش کردہ حل کو نافذ نہیں کرتے اور رام مندر کی تعمیر کا کام شروع نہیں کراتے ہیں تو بی جے پی کے خلاف ملک گیر ہندو تحریک شروع ہوسکتی ہے۔ مسٹر مودی کو یہ خطرہ نہیں مول لینا چاہئے۔“

بی جے پی لیڈر نے نرسمہا راو حکومت کے ذریعہ 14 ستمبر 1994 کو سپریم کورٹ میں دیئے گئے حلف نامہ کی نقل پیش کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔ بیان میں لکھا ہے کہ حکومت رام جنم بھومی معاملے کو حل کرنے کے لئے عہد بند ہے۔ اگر عدالت عظمی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ بابری مسجد سے پہلے اس جگہ پر کوئی مندر تھا تو حکومت ہندووں کی خواہش کا احترام کرے گی۔ اگر فیصلہ اس کے خلاف آتا ہے تو وہ مسلمانوں کی خواہش کی حمایت کرے گی۔ سبرامنیم سوامی نے میڈیا میں آئی ان خبروں پر مسرت کا اظہار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی صدر امت شاہ نے اس وقت کی حکومت کے اس بیان کی نقل تقسیم کرانے اور بیان کی حمایت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت سے نرسمہا راو کو بھارت رتن دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔