میرا پوتا مجرم ہے تو کارروائی ضرور ہونی چاہئے، پرجول ریونا معاملہ پر سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا کا بیان
پرجول مبینہ طور پر 27 اپریل کو جرمنی کے لیے روانہ ہوا تھا اور ابھی تک مفرور ہے۔ اس کے خلاف انٹرپول بلیو کارنر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے
بنگلورو: جے ڈی ایس کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے پارٹی کے سپریمو اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے ہفتہ کو کہا کہ اگر قصوروار پایا جاتا ہے تو انہیں اپنے پوتے کے خلاف کارروائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک خاتون کے جنسی استحصال اور اغوا کے الزامات کا سامنا کرنے والے ان کے بیٹے اور جے ڈی (ایس) کے ایم ایل اے ایچ ڈی ریونا کے خلاف فرضی اور من گھڑت مقدمات درج کرائے گئے تھے۔ انہوں نے مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا کیونکہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔
نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ڈی دیوے گوڑا (92) نے کہا، ’’میں ریونا کے حوالے سے عدالت میں چل رہی چیزوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ پرجول ریونا بیرون ملک چلے گئے ہیں، اس سلسلے میں کمارسوامی (گوڑا کے دوسرے بیٹے اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ) نے ہمارے خاندان کی جانب سے کہا ہے کہ ملک کے قانون کے مطابق کارروائی کرنا حکومت کا فرض ہے۔ اس (جنسی استحصال کیس) میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ کمارسوامی نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور متاثرہ خواتین کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور انھیں معاوضہ ملنا چاہیے۔
ایچ ڈی دیوے گوڑا نے حال ہی میں اپنی سالگرہ نہ منانے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا تھا اور اپنے خیر خواہوں اور پارٹی کارکنوں سے درخواست کی تھی کہ وہ جہاں بھی ہوں انہیں مبارکبادیں بھیجیں۔ پرجول ریونا (33) کو خواتین کے جنسی استحصال کے کئی الزامات کا سامنا ہے۔ اس معاملے نے سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ حکمراں کانگریس اور بی جے پی-جے ڈی (ایس) کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا دور جاری ہے۔ پرجول مبینہ طور پر 27 اپریل کو جرمنی کے لیے روانہ ہوا تھا اور ابھی تک مفرور ہے۔ ان کے خلاف انٹرپول بلیو کارنر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
وہ ہاسن لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی-جے ڈی (ایس) اتحاد کے مشترکہ امیدوار تھا، جہاں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے خاندان کو بدنام کرنے اور سیاسی طور پر بدنام کرنے کی کوئی سازش تھی، دیوے گوڈا نے کہا، ’’یہ سچ ہے۔ جو کچھ بھی ہوا، اس میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، میں نام نہیں لوں گا۔ کمارسوامی بتائیں گے کہ کیا کارروائی کی ضرورت ہے۔‘‘
ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا، ’’ہم نے میڈیا میں دیکھا ہے کہ دیوراجے گوڑا نے کیا کہا ہے۔ کمارسوامی، پارٹی کے ریاستی صدر کے طور پر، اس سب پر سرگرم ردعمل ظاہر کر رہے ہیں، وہ بولیں گے، میں اس وقت نہیں بولوں گا۔ میں نے لوک سبھا انتخابات کے لیے مہم چلائی ہے اور 4 جون کو نتائج کے اعلان کے بعد میں آپ (میڈیا) سے ملوں گا۔‘‘
دیوے گوڑا نے اپنے گھر کے قریب ڈیرے ڈالے ہوئے میڈیا والوں سے بھی نکل جانے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس سلسلے میں آپ کے مالکان (میڈیا کمپنیوں کے مالکان) سے بھی اپیل کرتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔