’کیشو پرساد کچھ بولے تو بی جے پی ان کی زبان کاٹ دے گی‘ نائب وزیر اعلیٰ پر راجبھر کا طنز
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راجبھر نے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’اُپ کے معنی چُپ ہوتے ہیں۔ کیشو کچھ بولے تو بی جے پی ان کی زبان کاٹ ڈالے گی‘‘
لکھنؤ: یوپی کے سابق کابینی وزیر اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے سربراہ اوم پرکاش راجبھر نے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ پر زبردست طنز کیا ہے۔ راجبھر نے کیشو پرساد کو 69 ہزار اساتذہ کی بھرتی کے مبینہ گھوٹالہ پر چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایک لفظ بھی کہا تو بی جے پی ان کی زبان کاٹ ڈالے گی۔ راجبھر نے یہ بیان کوشامبی کے سیراتھو میں منعقدہ ایک تقریب میں دیا۔
صحافیوں نے راجبھر سے سوال کیا تھا کہ یہ کیشو پرساد موریہ کا آبائی ضلع ہے، یہاں سے آپ کی پارٹی کس طرح سے الیکش جیت پائے گی؟ اس پر راجبھر نے کہا کہ ’’کیشو جی کے نام رجسٹری تک نہیں ہے۔ اگر ہمت ہے تو 69 ہزار اساتذہ کی بھرتی میں 27 فیصد ریزرویشن کے حوالہ سے جو گھوٹالہ ہوا ہے... کیشو موریہ اس پر کچھ بول کر دکھائیں، بی جے پی ان کی زبان کاٹ دے گی۔‘‘
او پی راجبھر نے کہا کہ بی جے پی میں جتنے بھی پسماندہ طبقہ کے ’لیڈر‘ ہیں سبھی ’لوڈر‘ ہیں۔ باندہ میں 13 لوگوں کی بھرتی ہوتی ہے جن میں سے 11 ٹھاکر ہیں۔ کیشو کی تو زبان بھی نہیں کھلی۔ کیشو کے نائب وزیر اعلیٰ (اُپ مکھ منتری) ہونے پر طنز کرتے ہوئے راجبھر نے کہا کہ ’’نائب کا مطلب جانتے ہیں، اُپ معنی چُپ! بی جے پی نے لوگوں کو خاموش کرایا ہوا ہے۔ اوم پرکاش راجبھر جب تک بی جے پی میں تھا تو ڈانٹ کر رکھا تھا۔‘‘
راجبھر نے کہا کہ سماجوادی پارٹی سے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کا اتحاد ہونے سے سب سے زیادہ تکلیف بی جے پی کو ہو رہی ہے۔ ریاستی حکومت 60 پیسہ فی یونٹ میں بجلی خریدتی ہے اور اسے دیہی علاقوں میں 7 روپے اور شہری علاقوں میں 8 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ہماری حکومت سازی ہونے پر 5 سال تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔