کانگریس کی حکومت بنی تو وہ غریبوں، مزدوروں اور کام گاروں کے لئے کام کرے گی: راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی نے اڈیشہ کی ترقی میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے جمعہ کو مرکز اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) اور اڈیشہ کے بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) حکومت کی نکتہ چینی کی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جےپور (اوڈیشہ): کانگریس صدر راہل گاندھی نے اڈیشہ کی ترقی میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے جمعہ کو مرکز اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) اور اڈیشہ کے بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) حکومت کی نکتہ چینی کی۔

راہل گاندھی نے ’پریورتن سنکلپ سماویش‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی نوین پٹنائک لمبے وقت سے غریبوں کے حقوق کو نظر انداز کرتے چلے آ رہے ہیں اور اڈیشہ میں مٹھی بھر افسر حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو وہ غریبوں، مزدوروں اور کام گاروں کے لئے کام کرے گی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

انہوں نے کہا کہ مودی اور پٹنائک حکومت غریب کسانوں کے قرض معاف کرنے کے خواہاں نہیں ہیں لیکن کانگریس اقتدار میں آنے کے 10دن کے اندر ہی کسانوں کا قرض معاف کردے گی۔ مودی اور پٹنائک نے فی کس تقریباً تین اور چھ روپے دے کر کسانوں کی توہین کی ہے۔

کانگریس دھان کی کم از کم امدادی قیمت 2500 روپے فی کونٹل کردےگی اور غریبوں کےلئے تب تک فی ماہ کم از کم آمدنی کو یقینی بنائےگی جب تک کہ وہ خط افلاس سے اوپر نہیں آجاتے۔ کانگریس صدر نے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو لڑکیوں کو مفت تعلیم مہیا کرائےگی،ان کی شادی کے لئے مالی مدد دے گی اور خوتین کو سماجی سکیورٹی اور ان کے خلاف ظلم روکنے کے لئے ہر پنچایت میں خصوصی افسر مقرر کرے گی۔

راہل گاندھی نے بیوہ پینشن کو بڑھا کر 2000 روپے فی ماہ کرنے اور چھوٹی خواتین صنعتکاروں کو کاروبار چلانے کےلئے مالی مدد مہیا کرانے کے لئے ایک کارپوریشن تشکیل کرنے کی بھی یقین دہانی کی ہے۔وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک انگریزی روزنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق راہل مودی نے 526 کروڑ روپے کے رافیل طیاروں کو فرانس سے 1600کروڑ روپے میں خریدنے کےلئے خود پہل کی تھی تاکہ ان کے کاروباری دوست انل امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے کا فائدہ ہوسکے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان ایرونوٹکس لیمیٹیڈ کو رافیل بنانے کا ٹھیکا دیا جاتا تو بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کو روزگار ملتا لیکن مودی نے یہ ٹھیکا انل امبانی کو دینے کو ترجیح دی جن کی کمپنی کو طیارہ بنانے کا تجربہ بھی نہیں ہے۔ اس سے پہلے دنگا گڈا سائی منڈپ میں پارٹی کی خواتین کارکنان سے بات چیت کے دوران انہوں نے خواتین کو انصاف دلانے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے نریندر مودی اور نوین پٹنائک کی نکتہ چینی کی۔انہوں نے ریاست میں خواتین کے خلاف ہورہے مظالم کے واقعات بڑھنے پر فکر ظاہر کی اور کہا کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے ایسی واقعات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اڈیشہ میں ہر روز آٹھ خواتین کی عصمت دری ہوتی ہے لیکن ان میں سے ایک سال میں صرف سات کو انصاف مل پاتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگر بی جےڈی حکومت دوبارہ آتی ہے تو اڈیشہ اور گرت میں جائےگا۔انہوں نے لوگوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اس حکومت کو اکھاڑ پھینکنے میں تعاون مانگا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آئی تو دو سال کے اندر ہر کسی کو زمین مہیا کرائے گی اور کوئی بھی زمین سے محروم نہیں رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔