’نوٹ بندی‘ کا فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینکے لائق: راہل
ملائشیا میں راہل گاندھی نے نوٹ بندی کے فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ملک کے وزیر اعظم ہوتے تو نوٹ بندی کے کسی بھی فیصلے کو سیدھے پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے ملائشیا کے دورے کے دوران ایک بار پھر نوٹ بندی کے مدے پر مودی حکوت کو نشانہ پر لیا۔ نوٹ بندی کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا ’’میں اگر ملک کا وزیر اعظم ہوتا اور کوئی مجھے نوٹ بندی پر مبنی فائل دیتا تو میں اسے ڈسٹ بن (ردی کی ٹوکری) میں پھینک دیتا۔ کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ نوٹ بندی کے ساتھ ایسا ہی کئے جانے کی ضرورت تھی۔ ‘‘
ملائیشیا میں تاجرین سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں بیانات کے مقابلے کام کرنے کو زیادہ ترجیح دیتا ہوں۔ ‘‘ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ پارٹی کے منشور میں ان کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔
کانگریس پارٹی نے ٹوئٹ میں کہا ’’راہل گاندھی سے ملاقی تاجروں سے بتایا کہ نریندر مودی حکومت نے ان کے طبقہ کے مفادات کو نظر انداز کیا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے یقین دہانی کرائی ’’ہم بیان بازی میں نہیں بلکہ کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے مفادات کو کانگریس پارٹی کے منشور میں اولین ترجیح پر شامل کیا جائے گا۔‘‘
راہل گاندھی نے ملائشیا انڈیا بزنس کونسل، آسیان انڈیا بزنس کونسل، ملائشین ایسوسی ایٹڈ انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور ملائیشیا کی کنسورشیم آف انڈسٹریز کے کاروبار یوں سے ملاقات کی۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کوالالمپور میں ملائشیا انڈیا کانگریس (ایم آئی سی) کے سربراہ سبرامنیم ست شیوم سے بھی ملاقات کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Mar 2018, 6:36 PM