گجرات میں کانگریس تنظیم کو مضبوط کرنے کا کام کروں گا: رگھو شرما
راجستھان کے وزیر صحت اور گجرات کے انچارج ڈاکٹر رگھو شرما نے کہا کہ وہ گجرات میں کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ون ٹو ون بات کریں گے
جے پور: راجستھان کے وزیر صحت اور گجرات کے انچارج ڈاکٹر رگھو شرما نے کہا کہ وہ گجرات میں کانگریس رہنماؤں سے ون ٹو ون بات کر کے کانگریس تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے۔
ڈاکٹر شرما نے گجرات روانہ ہونے سے قبل یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ گجرات میں پچھلے 26 سالوں سے کانگریس اقتدار سے باہر ہے اور گزشتہ 20 سالوں سے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) اقتدار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں کانگریس کارکن اگلی بار پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے اور یقینا اگلی بار وہاں کانگریس پارٹی کی حکومت بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بیشتر مقامات پر ہارگئی تھی،لیکن بی جے پی نے مشکل سے ڈرامہ کرکے اقتدار پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اعلیٰ کمان نے جس امید کے ساتھ ان کوگجرات کے انچارج کی ذمہ داری دی ہے اس پروہ کھرااترنے کی کوشش کریں گے۔
ڈاکٹر شرما نے کہا کہ بی جے پی نے گجرات میں آئینی حدود کو تارتار کرکے 18 کانگریس ممبران اسمبلی کو توڑا۔ یہ 18 ایم ایل اے بھی بعد میں ٹوٹ گئے۔ بی جے پی نےکانگریس سے گئے 18 ممبران اسمبلی کو بھی کچھ ہی وقت کے بعد ان کی وقعت دکھادی۔ بی جے پی قابل اعتماد پارٹی نہیں ہے۔ 18 اراکین اسمبلی میں سے کچھ کو پہلے حکومت میں شامل کیا۔ کچھ ہی وقت کے بعد انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک پارٹی کارکن ہوں اور پارٹی ہائی کمان کی طرف سے دیئے گئے احکامات پر عمل کروں گا۔ ہم پارٹی میں کام کرنے کے لئے آئے ہیں۔
ڈاکٹرشرما نے ریاست میں وزیر کا عہدہ چھوڑنے کااشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی توسیع وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے دائرہ اختیارمیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقتدارہمارے پاس ہے تو وزیر رہنامیرے لئے ضروری بھی نہیں ہے۔ میری اولین ترجیح تنظیم ہے اور تنظیم میں کام کروں گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔