آئندہ انتخابات میں اکھلیش یادو اور جینت چودھری کی حمایت کروں گا، ستیہ پال ملک نے پھر بولا مودی حکومت پر حملہ

ستیہ پال ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت کسان مخالف ہے۔ اپنی آگے کی حکمت عملی کے بارے میں کہا کہ ’میں کوئی سیاسی پارٹی جوائن نہیں کرونگا۔ نہ ہی الیکشن لڑونگا، لیکن کسانوں کی لڑائی ضرور لڑونگا۔

ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس
ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

باغپت: میگھالیہ کے گورنر عہدے کی میعاد کار پوری ہونے کے بعد ستیہ پال ملک نے مودی حکومت کے خلاف سیاسی حملہ تیز کرتے ہوئے دو ٹوک کہا ہے کہ اگلے الیکشن میں وہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کی مدد کریں گے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔ خیال رہے کہ گورنر میگھالیہ کے طور پر اپنی میعاد کار مکمل کرنے کے بعد ستیہ پال ملک ضلع باغپت میں واقع اپنے آبائی گاؤں ہساودا پہنچے تھے۔

حکومت پر پہلے سے زیادہ حملہ آور ہوتے ہوئے ملک نے کہا کہ یہ حکومت کسان مخالف ہے۔ اپنی آگے کی حکمت عملی کے بارے میں کہا کہ ’میں کوئی سیاسی پارٹی جوائن نہیں کرونگا۔ نہ ہی الیکشن لڑونگا، لیکن کسانوں کی لڑائی ضرور لڑونگا۔ اس لڑائی میں چودھری چرن سنگھ کا پوتا ہونے کی وجہ سے جینت سنگھ اور ملائم سنگھ کے بیٹا ہونے کی وجہ سے اکھلیش یادو کی مدد کرونگا‘۔


سابق گورنر ملک نے بطور گورنر اپنی میعادکار کو بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری ایمانداری سے کام کیا جبکہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کیا تو محبوبہ مفتی کہتی تھی کہ یہاں خون کی ندیاں بہہ جائیں گی لیکن ایک گولی بھی نہیں چلانی پڑی۔

حالانکہ انہوں نے گورنر کا ٹرم پورا ہونے کے بعد مودی حکومت کے ذریعہ ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی کرنے کے شبہ سے انکار نہیں کیا۔ ملک نے کہا کہ ’مجھ پر بھی یہ لوگ کچھ ضرور کریں گے۔ جموں و کشمیر کی سبھی فائلوں کی جانچ کرالو یا تلاشی لے لو، لیکن میرا کچھ ہوگا ہی نہیں۔ میں فقیر آدمی ہوں۔ میرے یہاں ڈھیلہ تک نہیں ملے گا‘۔


ملک کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگار سے لوگ پہلے ہی پریشان ہیں۔ کسانوں کو گنے کے بقایہ جات نہیں مل رہے اور اس کے دام بھی نہیں بڑھ رہے ہیں۔ اب اگنی ویر اسکیم لاکر کسانوں کے بچوں کا مستقبل بھی خراب کر دیا۔

ستیہ پال ملک نے کہا کہ کسانوں کے بیٹوں کے لئے روزگار کا بحران ہے۔ نوکری بھی صرف تین سال کی کردی گئی اور کوئی پنشن نہیں ہے۔ اس وقت پورے ملک میں ہاہاکار مچا ہوا ہے۔ مظفر نگر میں ابھی اگنی ویر کی تقرری چل رہی ہے۔ نوجوان سڑکوں پر سوتے ہیں اور ان کو کھانا تک نہیں ملتا ہے۔ اگنی ویر اسکیم لاکر کسانوں کے بچوں کا مستقبل بھی خراب کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔