’پی ایم مودی کو واپس کر دوں گا پدم شری‘، ساکشی ملک کی حمایت میں مشہور گونگا پہلوان کا اعلان!

نومنتخب ڈبلیو ایف آئی صدر سنجے سنگھ کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ساکشی ملک نے کشتی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور بجرنگ پونیا نے پدم شری واپس کر دیا ہے، اب ویریندر سنگھ کا ارادہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گونگا پہلوان عرف ویریندر سنگھ یادو</p></div>

گونگا پہلوان عرف ویریندر سنگھ یادو

user

قومی آواز بیورو

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے بزنس پارٹنر اور معاون مانے جانے والے سنجے سنگھ کے فیڈریشن کے اعلیٰ عہدہ پر بیٹھنے پر تنازعہ بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ سنجے سنگھ 21 دسمبر کو ڈبلیو ایف آئی صدر منتخب ہوئے جس کے بعد سے کئی ہندوستانی پہلوانوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستانی خاتون پہلوان ساکشی ملک نے تو کشتی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور پھر 22 دسمبر کو بجرنگ پونیا نے اپنا پدم شری ایوارڈ وزیر اعظم رہائش کے باہر فٹ پاتھ پر رکھ کر واپس چلے آئے۔ اب کچھ ایسا ہی ارادہ مشہور پہلوان ویریندر سنگھ یادو عرف ’گونگا پہلوان‘ نے ظاہر کیا ہے۔

دراصل ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا اور دیگر اتھلیٹس نے ڈبلیو ایف آئی کے سابق صدر برج بھوشن پر جنسی استحصال کا الزام عائد کیا تھا۔ اس سلسلے میں دہلی پولیس کی طرف سے معاملہ بھی درج کیا گیا جو کہ عدالت میں زیر غور ہے۔ اس ہنگامہ کے درمیان برج بھوشن کو فیڈریشن کے چیف عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ لیکن اب ان کے قریبی سنجے سنگھ ڈبلیو ایف آئی کے صدر عہدہ کے لیے منتخب ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد سے ہی کئی پہلوانوں میں ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس دوران گونگا پہلوان نے ساکشی ملک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہندوستانی پہلوان ویریندر سنگھ نے ساتھی اتھلیٹ ساکشی ملک کی پریس کانفرنس کے دوران رونے والی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں مشہور کرکٹر سچن تندولکر اور مشہور جیولن تھرووَر نیرج چوپڑا کو ٹیگ کیا ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے ’’میں بھی اپنی بہن اور ملک کی بیٹی کے لیے پدم شری لوٹا دوں گا، وزیر اعظم نریندر مودی جی، مجھے آپ کی بیٹی اور اپنی بہن ساکشی ملک پر فخر ہے... جی کیوں؟ لیکن میں ملک کے سرکردہ کھلاڑیوں سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ اپنا فیصلہ بھی دیں۔‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل بجرنگ پونیا نے وزیر اعظم رہائش کے باہر نہ صرف پدم شری ایوارڈ رکھ کر چھوڑ دیا، بلکہ وزیر اعظم کو ایک طویل خط بھی لکھا تھا۔ اس خط میں انھوں نے خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا تذکرہ بھی کیا اور برج بھوشن سنگھ کے خلاف شروع ہوئی تحریک کی تفصیل بھی بیان کی۔ ڈبلیو ایف آئی کے موجودہ حالات پر بجرنگ پونیا نے بے حد افسوس ظاہر کیا تھا۔ اب گونگا پہلوان کے ذریعہ پدم شری واپس کرنے کا ارادہ ظاہر کیے جانے سے سنجے سنگھ کے ڈبلیو ایف آئی صدر بننے کا معاملہ مزید تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔