سرینگر کو عالمی معیار کا سیاحتی شہر بناؤں گا، نومنتخب میئر جنید متو کا اعلان

جنید متو نے کہا کہ ریاست میں تاریخی انتخابات ہوئے ہیں۔ ایک نئی شروعات ہوئی ہے، ترقی کی لہر سرینگر تک ہی محدود نہیں رہے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت سرینگر کے میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے نو منتخب میئر جنید عظیم متو نے تبدیلی کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ شہر سری نگر کو عالمی معیار کا سیاحتی شہر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام منتخب کارپوریٹرس کو ساتھ لیکر تبدیلی کو ہرحال میں یقینی بناؤں گا۔

جنید متو نے کہا کہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے بلدیاتی انتخابات پوری ایمانداری سے خون پسینہ ایک کرکے لڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کرکے تمام کارپوریٹرس اور انتخابات ہارنے والے امیدواروں کے لئے سیکورٹی کا مطالبہ کروں گا۔

33 سالہ جنید متو جنہوں نے امریکہ کی مشیگن اسٹیٹ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے، نے منگل کے روز یہاں میئر کے انتخابات جیتنے کے بعدنیوز کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا 'ہم نے شہر سری نگر کے لئے ترقیاتی منصوبے سوچ کر رکھے ہیں۔ ہمیں سری نگر کے لئے وہ سب کرنا ہے جو آج تک نہیں کیا گیا۔ ہمیں سری نگر کو ایک عالمی معیار کا سیاحتی شہر بنانا ہے۔ سب سے پہلے ایک عام شہری کے وقار زندگی کو بڑھانا ہے۔ زندگی کے معیار میں بہتری لانی ہے۔ میں سب کارپوریٹرس کو ساتھ لیکر کام کروں گا۔ ہماری ٹیم سری نگر میں تبدیلی لائے گی'۔ انہوں نے کہا 'ہم شہر سری نگر کے ہر ایک مسئلے کو حل کریں گے۔ ہم صرف ترقی پر فوکس کریں گے'۔

جنید متو نے کہا کہ ترقی کی لہر سری نگر تک ہی محدود نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا 'ریاست میں تاریخی انتخابات ہوئے ہیں۔ ایک نئی شروعات ہوئی ہے۔ تبدیلی کی یہ لہر سری نگر تک ہی محدود نہیں رہے گی۔ روایتی استحصالی عناصر جنہوں نے مین اسٹریم سیاست کو علاقائی اثاثہ بنا رکھا تھا، کے لئے ان انتخابات سے یہ پیغام جاتا ہے کہ سری نگر میں تبدیلی آچکی ہے۔ آج یہاں کے لوگ بااختیار بننے جارہے ہیں'۔

جنید متو نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی ان سے متعلق پیشن گوئی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات پوری ایمانداری سے خون پسینہ ایک کرکے لڑے ہیں۔ انہوں نے کہا 'ہم نے انتخابات تاثر کی بنیاد پر نہیں جیتے ہیں۔ بہت محنت کرکے جیتے ہیں۔ ہم نے اپنا خون پسینہ ایک کرکے یہ انتخابات لڑے ہیں۔ ایمانداری اور دیانتداری سے لڑے ہیں'۔ ریاستی گورنر نے حال ہی میں جنید متو کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ سری نگر میں بیرون ملک پڑھا لکھا نوجوان میئر بننے والا ہے۔ گورنر موصوف کے اس بیان پر تنازعہ بھی کھڑا ہوا تھا۔

نو منتخب میئر نے ریاست کی دو بڑی علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر میئر کے انتخابات میں درپردہ مداخلت کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا 'انہوں نے الیکشن لڑا مگر درپردہ طور پر۔ جب انتخابات ختم ہوئے تو ان کے اعلیٰ لیڈران بشمول دو وزرائے اعلیٰ میئر کے انتخابات میں مداخلت کررہے تھے۔ کل ان کے ممبران اسمبلی بھی ایک جگہ بیٹھے تھے۔ اگر آپ نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تو میئر کے انتخابات میں مداخلت کیوں۔ یہ لوگ بالکل ایکسپوز ہوگئے ہیں۔ ان کے لئے بلدیاتی انتخابات حرام ہیں لیکن میئر کے انتخابات حلال ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں آپ کہتے ہیں کہ جرائم پیشہ افراد انتخابات لڑرہے ہیں لیکن میئرکے انتخابات کے لئے آپ مہم چلاتے ہیں'۔

بھاجپا کے کشمیر میں پاﺅں جمانے کے بارے میں پوچھے جانے پر جنید متو نے کہا 'عمر صاحب بھاجپا حکومت میں وزیر مملکت برائے خارجہ رہے ۔ محترمہ مفتی کل تک ان کی تھالی میں کھانہ کھا رہی تھیں'۔

جنید متو نے کہا کہ میں ریاستی گورنر سے ملاقات کرکے تمام کارپوریٹرس اور انتخابات ہارنے والے امیدواروں کے لئے سیکورٹی کا مطالبہ کروں گا۔ انہوں نے کہا 'میں عزت مآب گورنر سے ملاقات کروں گا۔ میں ان سے اپیل کروں گا کہ ہر ایک کارپوریٹر کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔ میں ان سے یہ بھی اپیل کروں گا کہ انتخابات لڑنے والے تمام امیدوارں کو سیکورٹی کور دیا جائے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Nov 2018, 8:09 PM