’انصاف کی لڑائی میں آخری دم تک ساتھ رہوں گی‘ یوگی حکومت میں دلتوں پر استحصال کے خلاف پرینکا گاندھی کا اعلان
پرینکا گاندھی نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں مہلوک کی ماں کہتے ہوئے نظر آ رہی ہیں کہ ان پر صلح کرنے کا دباؤ بنایا جا رہا ہے لیکن وہ کسی بھی قیمت پر صلح نہیں کریں گی
لکھنؤ: کانگریس کی جنرل سکریٹری اور پارٹی کی اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی نے دلتوں کے استحصال کے حوالہ سے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر حملہ بولا۔ حراست میں جان گنوانے والے ایک دلت نوجوان کی ماں کی ایک ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ مہلوک کی ماں کا کہا گیا ہر ایک لفظ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے دلتوں پر کئے جانے والے استحصال کو بیان کرتا ہے۔
پرینکا گاندھی نے ’دی کوئنٹ‘ کی جود ویڈیو شیئر کی ہے اس میں غازی پور کے ایک گاؤں سے رپورٹنگ کی گئی ہے، جہاں حراست میں ایک دلت نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ریکارڈ کی بنا پر کہا جا سکتا ہے کہ حراست میں ہونے والی کئی اموات کو درج ہی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں مہلوک کی ماں کہتے ہوئے نظر آ رہی ہیں کہ ان پر صلح کرنے کا دباؤ بنایا جا رہا ہے لیکن وہ کسی بھی قیمت پر صلح نہیں کریں گی۔
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’جب میں حراست میں مارے گئے آگرہ کے ارون والمیکی کے کنبہ سے ملی تھی تو ان کی بوڑھی ماں کے الفاظ میں کچھ اس طرح کی تکلیف تھی۔ غازی پور کے نریندر پاسوان کی ماں کا کہا گیا ایک ایک لفظ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی طرف سے دلتوں کے استحصال کی کہانی بنان کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا، ’’اس حکومت میں متاثرہ کنبوں کو دھمکی اور دلتوں کا استحصال کرنے والوں کو میڈل دیا جاتا ہے۔ اماں بابا صاحب امبیڈکر کے آئین نے آپ کو انصاف کا حق فراہم کیا ہے۔ میں آپ کے ساتھ اور آخری دم تک انصاف کی لڑائی میں آپ کا ساتھ دوں گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔