مجھے پندرہ دنوں میں تین بار خانہ نظر بند رکھا گیا: محبوبہ مفتی

محبوبہ نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے آج بھی غیر قانونی طور پر نظر بند رکھا گیا ہے، گزشتہ پندرہ دنوں سے بھی کم عرصے میں مجھے تین بار نظر بند رکھا گیا۔ جمہوریت کی بھی حد ہوگئی۔

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں گزشتہ پندرہ دنوں سے بھی کم عرصے میں تین بار خانہ نظر بند رکھا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے وزرا وادی کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کے لئے آزاد ہیں لیکن مجھے روکا جا رہا ہے۔

موصوف نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’مجھے آج بھی غیر قانونی طور پر نظر بند رکھا گیا ہے، گزشتہ پندرہ دنوں سے بھی کم عرصے میں مجھے تین بار نظر بند رکھا گیا۔ جمہوریت کی بھی حد ہوگئی۔ اگر ہماری سرگرمیوں پر سیکورٹی بنیادوں پر پابندیاں عاید ہیں تو پھر بی جے پی کے وزرا کو کشمیر میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت کیوں دی جار ہی ہے جبکہ مجھ سے ڈی ڈی سی انتخابات کے اختتام تک انتظار کرنے کو کہا جاتا ہے‘۔


خیال رہے کہ محبوبہ مفتی کو منگل کے روز بھی مبینہ طور پر خانہ نظر بند رکھا گیا تھا۔ انہوں نے منگل کے روز نظر بندی کے رد عمل میں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’غیر قانونی طور نظر بند کرنا حکومت ہند کا کسی بھی طرح کی اپوزیشن کو دبانے کا محبوب طریقہ کار بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک بار پھر نظر بند کر دیا گیا، میں بڈگام کا دورہ کرنا چاہتی تھی جہاں سینکڑوں لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا ہے‘۔ قبل ازیں موصوفہ کے دعوے کے مطابق انہیں 25 نومبر کو اپنی رہائش گاہ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم پولیس نے ان کی نظر بندی کے دعوے کو مسترد کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔