افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے دعاگو ہوں: فاروق عبد اللہ

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ افغانسان میں امن کی بحالی کے لئے دعاگو ہیں

ڈاکٹر فاروق عبد اللہ / آئی اے این ایس
ڈاکٹر فاروق عبد اللہ / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ افغانسان میں امن کی بحالی کے لئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خدا سے دعا مانگتے ہیں کہ افغانستان میں امن بحال ہو اور وہاں کے لوگ جو چاہتے ہیں وہی ہو۔ فاروق عبداللہ نے یہ باتیں اتوار کو یہاں نسیم باغ درگاہ حضرت بل میں اپنی والدہ بیگم اکبر جہاں کی 21 ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہا: 'افغانستان ایک الگ ملک ہے۔ اللہ تعالیٰ کرے وہاں امن بحال ہو۔ جو افغانی عوام کے لئے صحیح ہے وہی ہو۔ میں اس سے زیادہ کچھ کہہ نہیں سکتا کیوں کہ میرا تعلق افغانستان سے نہیں'۔ بتا دیں کہ امریکی سربراہی میں قائم افغانستان میں فوجی اتحاد 20 سال بعد افغانستان سے نکل رہا ہے۔ اس بیچ طالبان نے مبینہ طور پر مختلف علاقوں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے۔


جب فاروق عبداللہ سے پوچھا گیا کہ نیشنل کانفرنس کی کشمیر اور جموں لیڈرشپ نے حد بندی کمیشن کے سامنے الگ الگ میمورنڈم پیش کیوں کئے تو اس سوال پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا جواب تھا: 'آپ (میڈیا) پریشان کیوں ہیں؟ جموں کے مسائل الگ ہیں اور کشمیر کے مسائل الگ۔ آپ کیوں گھبرا رہے ہیں؟'

دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بیگم اکبر جہاں کی 21 ویں برسی پر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نسیم باغ میں واقع مزار پر حاضری دی اور اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ انہوں نے مادر مہربان کے علاوہ شیخ محمد عبداللہ کی مرقد پر بھی گلباری کی اور ایصال ثواب کے لئے کلمات ادا کئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔