میں اپنے بیٹے سے پیار کرتی ہوں مگر... سوچنا سیٹھ قتل سے قبل ٹشو پیپر پر لکھا نوٹ
کرناٹک میں چار سالہ بچے کو قتل کرنے والی ماں سوچنا سیٹھ کے ہاتھ سے ٹشو پیپر پر لکھا ہوا ایک نوٹ برآمد ہوا ہے۔ اس میں اس نے لکھا کہ وہ بچے سے پیار کرتی ہے
نئی دہلی: گوا میں 4 سالہ بچے کے مبینہ قتل کے معاملے میں نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ملزم سوچنا سیٹھ کے بیگ سے ایک نوٹ برآمد ہوا ہے۔ اس میں اس نے لکھا کہ وہ اپنے بچے سے بہت پیار کرتی ہیں۔ یہ نوٹ ٹشو پیپر پر آئی لائنر سے لکھا گیا ہے۔ اس نے یہ نوٹ اسی بیگ میں رکھا تھا جس میں اس نے اپنے بیٹے کی لاش چھپا رکھی تھی۔ پولیس نے یہ نوٹ برآمد کر لیا ہے اور اسے اہم ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ نوٹ بیٹے کے قتل کے محرکات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ اس نے یہ نوٹ آئی لائنر سے جلدی میں لکھا تھا۔ اس میں سوچنا سیٹھ نے لکھا ہے کہ ’’عدالت اور میرے شوہر مجھ پر بیٹے حوالگی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، میں اسے مزید برداشت نہیں کر سکتی، میرا سابق شوہر متشدد ہے، وہ بیٹے کو بری اقدار سکھاتا تھا۔ میں احساس جرم اور مایوسی میں مبتلا ہوں۔ میں اپنے بیٹے سے پیار کرتی ہوں لیکن میں اسے اپنے والد سے ملتے نہیں دیکھنا چاہتی۔‘‘
پولیس کے مطابق، فی الحال سوچنا سیٹھ نے مبینہ طور پر نوٹ لکھنے کا اعتراف کیا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کا قتل نہیں کیا۔ پولیس کے مطابق، بنگلورو کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی کی سی ای او اور ڈیٹا سائنٹسٹ سوچنا سیٹھ پر شبہ ہے کہ اس نے اپنے شوہر وینکٹ رمن کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے اپنے بیٹے کو مبینہ طور پر قتل کر دیا ہے۔
قتل کے اس معمہ کو حل کرنے میں مصروف پولیس سوچنا سیٹھ کو جمعہ (12 جنوری) کو جرم کے مقام پر لے گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں کرائم سین کو دوبارہ بنانے کی کوشش کی۔ وہ خنجر بھی برآمد کر لیا گیا ہے جس سے سوچنا نے اپنی کلائی کاٹی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔