زندگی میں شکست و فتح بہت دیکھی، اب مسئلہ پنجاب جیتنے کا ہے: نوجوت سدھو
امرتسر پہنچے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ’’یہ سیاست بدلاؤ کی تھی۔ عوام کو مبارکباد جنھوں نے روایتی پارٹیوں کو بدل کر رکھ دیا۔ زندگی میں ہار جیت بہت دیکھی ہے، اب مسئلہ پنجاب جیتنے کا ہے۔‘‘
کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو پنجاب اسمبلی انتخاب میں امرتسر ایسٹ سے کھڑے ہوئے تھے۔ انھیں عام آدمی پارٹی کی جیون جیوتی کور نے شکست فاش دے دی۔ سدھو کے علاوہ چرنجیت سنگھ چنّی سمیت کانگریس کے بیشتر قدآور لیڈروں کی شکست ہوئی۔ ریاست میں عام آدمی پارٹی نے 117 میں سے 92 سیٹیں جیت کر سب کو حیران کر دیا۔ انتخاب میں ملی شکست کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے جمعہ کو اپنے اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا اور لوگوں کو ووٹ کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
امرتسر پہنچے نوجوت سنگھ سدھو نے اپنی شکست کے تعلق سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ سیاست بدلاؤ کی تھی۔ عوام کو مبارکباد جنھوں نے روایتی پارٹیوں کو بدل کر رکھ دیا۔ زندگی میں ہار جیت بہت دیکھی ہے، اب مسئلہ پنجاب جیتنے کا ہے۔‘‘ نوجوت سدھو نے اس درمیان پارٹی میں موجود آپسی چپقلش کی طرف بھی اشارہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پنجاب کے ساتھ رہوں گا۔ جن لوگوں نے گڈھے کھودے اور سدھو کو نیچا دکھانے کی کوشش کی انھیں بھگتنا پڑا ہے۔‘‘
اس سے قبل جمعرات کو سدھو نے کانگریس کی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو جیت ملنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔ کانگریس نے بھی پنجاب کے ریزلٹ پر ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا ’’لوگوں کی آواز بھگوان کی آواز ہوتی ہے۔ ہم اپنی شکست کا اعتراف کرتے ہیں۔ پنجاب کے لوگوں کا فیصلہ سر آنکھوں پر۔ عام آدمی پارٹی کو جیت کی مبارکباد۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔