’بھارت جوڑو یاترا جیسا جوش میں نے اپنی سیاسی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا‘، یاترا میں شامل ہونے کے بعد کمل ناتھ کا بیان

کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے اتوار کے روز کرناٹک کے بیلاری میں راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے کے بعد اپنے تجربات بیان کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے اتوار کے روز کرناٹک کے بیلاری میں راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے کے بعد اپنے تجربات بیان کیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس یاترا جیسا جوش میں نے اپنی سیاسی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا ہے۔‘‘ یہ بیان کمل ناتھ نے راجدھانی دہلی میں کانگریس صدر عہدہ کے لیے جاری ووٹنگ میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران دیا۔

کمل ناتھ نے میڈیا اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اتوار کے روز ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں کل کرناٹک کے بیلاری میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوا۔ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں اتنا جوش اور جنون کبھی نہیں دیکھا۔ اس یاترا کے دران جس طرح کا جوش لوگوں میں دکھائی دے رہا ہے، اس سچائی کو کوئی چھپا نہیں سکتا ہے۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس

راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جلد ہی مدھیہ پردیش میں بھی قدم رکھے گی۔ اس سلسلے میں کمل ناتھ سے جب نامہ نگاروں نے سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں اس یاترا سے بہت فائدہ ہوگا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مدھیہ پردیش کے دورے پر تھے، اس دوران انھوں نے کمل ناتھ کی سابقہ حکومت پر خوب حملہ کیا تھا۔ اس تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس اب بولنے کو کچھ نہیں بچا ہے، بی جے پی کے پاس صرف پولیس، انتظامیہ اور پیسہ بچا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔