اپنی زندگی میں کشمیر جیسی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی، یہاں کے لوگ بھی خوبصورت: عامر خان
انہوں نے کہا، ’’میں نے اپنی زندگی میں کشمیر سے زیادہ خوبصورت جگہ نہیں دیکھی ہے۔ جتنی خوبصورت یہ جگہ ہے اتنے ہی خوبصورت یہاں رہنے والے لوگ بھی ہیں۔‘‘
سری نگر: بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کشمیر جیسی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ جتنی خوبصورت یہ جگہ (کشمیر) ہے اتنے ہی خوبصورت یہاں رہنے والے لوگ (کشمیری) بھی ہیں۔
عامر خان نے گزشتہ رات یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ جموں و کشمیر کی نئی فلم پالیسی کی لانچنگ تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران یہ باتیں کہیں۔
انہوں نے کہا، ’’میں نے اپنی زندگی میں کشمیر سے زیادہ خوبصورت جگہ نہیں دیکھی ہے۔ جتنی خوبصورت یہ جگہ ہے اتنے ہی خوبصورت یہاں رہنے والے لوگ بھی ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا: 'یہ خوشی کی بات ہے کہ سنہا صاحب (لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا) نے یہ پالیسی بنائی ہے۔ اس سے انڈسٹری کو ایک بار پھر یہاں آنے کا موقع ملے گا۔ ان خوبصورت وادیوں میں اپنی فلموں کی عکس بندی کرنے کا۔ دنیا بھر کے لوگوں کو کشمیر کی خوبصورتی کو دیکھنے کا بھی موقع ملے گا'۔
عامر خان، جو گزشتہ کئی روز سے وادی میں قیام پذیر ہیں، نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کشمیر کی اپنی فلم انڈسٹری ہو۔ انہوں نے کہا: 'جیسا کہ ایل جی صاحب کہہ رہے تھے کہ یہاں کے مقامی ٹیلنٹ کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بہت ہی بڑی بات ہے۔ میں چاہوں گا کہ ہم کشمیری میں بھی فلمیں دیکھیں جیسے ہم دوسری زبانوں میں دیکھتے ہیں'۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا: 'میں اسے ایک تاریخی موڑ مانتا ہوں۔ یہ فلم پالیسی سبھی سٹیک ہولڈرس کے ساتھ میٹنگ کے بعد ہی بنی ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’فلم انڈسٹری سے جڑے لوگوں نے اس میں کافی تعاون دیا ہے۔ یہاں کی انتظامیہ یہاں کے پرانے دنوں کی واپسی کے لئے کوشاں ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔