’میں نے اپنی زندگی ایمانداری اور بہادری کے ساتھ گزاری‘، نائب صدر عہدہ کی امیدوار مارگریٹ الوا کا بیان

نائب صدر عہدہ کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کا کہنا ہے کہ ’’نائب صدر عہدہ کے لیے میری امیدواری کی حمایت کرنے کے لیے اپوزیشن کا ایک ساتھ آنا، ہندوستان کی بنیادی حقیقت کا غماز ہے۔‘‘

مارگریٹ الوا، تصویر یو این آئی
مارگریٹ الوا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نائب صدر عہدہ کے لیے این ڈی اے نے جہاں جگدیپ دھنکھڑ کو امیدوار بنایا ہے، وہیں اپوزیشن نے مشترکہ طور پر مارگریٹ الوا کو کھڑا کیا ہے۔ مارگریٹ الوا نے اپوزیشن کی طرف سے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کئی اہم باتیں لوگوں کے سامنے رکھی ہیں۔ نیچے پیش ہے انگریزی زبان میں جاری مارگریٹ الوا کے بیان کا اردو ترجمہ۔

ہندوستان کے نائب صدر عہدہ کے لیے مشترکہ اپوزیشن امیدوار کی شکل میں نامزد ہونا ایک فخر اور عزت کی بات ہے۔ میں اس نامزدگی کو انتہائی انکساری کے ساتھ قبول کرتی ہوں اور اپوزیشن کے لیڈروں کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انھوں نے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ مشترکہ اپوزیشن کے ذریعہ میری نامزدگی دراصل میری عوامی زندگی میں 50 سالوں کی کارکردگی کا ثمرہ ہے۔ میں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن کی شکل میں اور ایک مرکزی وزیر، ایک گورنر اور عالمی اسٹیج پر ہندوستان کے لیے باوقار کارکردگی انجام دیا، ہمارے ملک کے تقریباً ہر گوشے میں خواتین کے حقوق اور محرومین و حاشیے پر رہ رہے گروپوں و طبقات کے حقوق کے ایک بے خوف علمبردار کی شکل میں خدمت کی۔ میں نے ان پچاس سالوں میں اپنے ملک کے لیے بہادری، ایمانداری اور عزائم کے ساتھ کام کیا ہے۔ میرا واحد مقصد بغیر کسی خوف کے ہندوستانی آئین کی خدمت کرنا رہا ہے۔


ہندوستان کے نائب صدر عہدہ کے لیے میری امیدواری کی حمایت کرنے کے لیے اپوزیشن کا ایک ساتھ آنا، ہندوستان کی بنیادی حقیقت کا غماز ہے۔ ہم اس عظیم ملک کے الگ الگ گوشوں سے آتے ہیں، مختلف زبانیں بولتے ہیں، اور الگ الگ مذاہب و رسوم پر عمل کرتے ہیں۔ ہمارے تنوع میں ہمارا اتحاد ہی ہماری طاقت ہے۔ جو ہمارے لیے اہم ہے ان کے لیے ہم لڑتے ہیں، مثلاً جمہوریت کے ستون کو بنائے رکھنے کے لیے، اپنے مقامات کو مضبوط کرنے کے لیے اور ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کے لیے جو ’سارے جہاں سے اچھا‘ ہے، جو ہم میں سے ہر ایک کا ہے۔ ایک ایسا ہندوستان جہاں پر سبھی کا احترام ہو، چاہے وہ کھیت میں کام کر رہا کسان ہو، گاؤں میں کام کرتی آشا نرس، چھوٹے شہر کے کرانا اسٹور کے مالک، کالج میں طلبا، دفاتر کے ملازمین، بے روزگار نوجوان، گھریلو خواتین اور فیکٹری مزدور، صحافی، سرکاری افسر، سرحد پر تعینات جوان، صنعت کار اور بہت سے دیگر لوگ، ان سبھی کا احترام ہو۔

میں نے اپنی زندگی ایمانداری اور بہادری کے ساتھ اپنے عزائم کو پورا کرتے ہوئے گزاری ہے۔ انتخاب مجھے ڈراتا نہیں ہے، جیت اور شکست زندگی کا ایک حصہ ہے۔ حالانکہ یہ میرا یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پارٹی کی سیاست سے اوپر اٹھ کر جو اراکین کی خیر سگالی، یقین اور محبت میں نے حاصل کی ہے، مجھے کامیابی کی طرف لے جائے گی اور ایک ایسے شخص کی شکل میں میری رہنمائی کرتی رہے گی جو لوگوں کو ایک ساتھ لانے کی کوششوں میں، مشترکہ حل تلاش کرنے کے لیے اور ایک مضبوط و متحد ہندوستان کی تعمیر میں مدد کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔