سچ بولنا بغاوت ہے تو ہاں میں باغی ہوں: شترگھن

شتروگھن سنہا نےکہا ’’ابھی تک بی جے پی نے مجھے چھوڑا نہیں ہے اور نہ ہی میں اسے ابھی چھوڑ پایا ہوں لیکن جو کچھ پارٹی میں چل رہا ہے میں اس کو ہضم نہیں کر پا رہا ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چتر کوٹ: بی جے پی کے باغی لیڈر اور گذرے زمانے کے مشہور اداکار شتروگھن سنہا نے پارٹی اعلی کمان کے فیصلوں کو’’تغلقی فرمان‘‘ کے لقب سے نوازتے ہوئے کہا کہ سچ بولنا اگر بغاوت ہے تووہ باغی کہلانا پسند کریں گے۔

اپنا دل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے سنہا نے کہا ’’ابھی تک بی جے پی نے مجھے چھوڑا نہیں ہے اور نہ ہی میں اسے ابھی چھوڑ پایا ہوں لیکن جو کچھ پارٹی میں چل رہا ہے میں اس کو ہضم نہیں کر پا رہا ہوں۔ اعلی رہنماوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ پارٹی کے لئے موزوں نہیں ہے۔ پارٹی میں اس وقت تغلقی فرمان کا دور دورہ ہے جن کا میں کھلا مخالف ہوں اور اگر سچ بولنا بغاوت ہے تو میں باغی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ الزام لگاتے ہیں کہ شتروگھن سنہا کو وزیر نہیں بنایا گیا اس لئے وہ اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی قسم کا کوئی لالچ نہیں ہے لیکن میں پارٹی میں تغلقی فرمان کو برداشت نہیں کرسکتا۔

بی جے پی لیڈر نے عام آدمی پارٹی کے کوآرڈینیٹر اور دہلی کے ویزاعلی اروند کیجریوال پر ہوئے مرچی سے حملوں کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ملک کے لئے بدنما داغ ہیں۔ ایودھیا کے رام مندر معاملے پرکسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے بی جے پی لیڈر نے صاف انکار کردیا۔

آنے والے لوک سبھا انتخاب میں وہ کس پارٹی سے لڑیں گے۔ اس کے جواب میں انہوں نے فلمی انداز میں ’’خاموش‘‘ کہہ کر سب کو مسکرانے پر مجبورکردیا۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے ترجمان سنجے سنگھ اور اپنا دل کی پلوی پٹیل موجود تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Nov 2018, 11:09 PM