’میں آپ کو گارنٹی دے رہا ہوں، آئین کو کبھی ختم نہیں ہونے دیں گے‘، جھارکھنڈ میں راہل گاندھی کا اظہارِ عزم

راہل گاندھی نے جھارکھنڈ کے کونبیر میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئین کی حفاظت کے لیے ہم جان کی بازی لگا دیں گے، ہر قیمت پر آئین اور عوام کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>آئین ہند ہاتھ میں لیے ہوئے راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

آئین ہند ہاتھ میں لیے ہوئے راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

’’بی جے پی اور آر ایس ایس آئین ک ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک کے آئین نے ہی آپ کو سارے حقوق دیے ہیں، یہ ملک کے غریبوں، دلتوں، پسماندوں، قبائلیوں کی آواز ہے۔ اگر آئین ختم ہو گیا تو غریبوں کے سارے حقوق چھین لیے جائیں گے۔ لیکن میں آپ کو گارنٹی دے رہا ہوں... ہم آئین کو کبھی ختم نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ یہ بیان راہل گاندھی نے جھارکھنڈ میں انتخابی تشہیر کے دوران جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے آج جھارکھنڈ کے کونبیر، سنگھ بھوم اور چائباسہ میں انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی تشہیر چلائی جس میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کونبیر میں قبائلیوں اور پسماندہ طبقات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی آئین نے انھیں جو حقوق دیے ہیں، اسے بی جے پی اور آر ایس ایس چھیننا چاہتے ہیں، اس سازش کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ راہل کہتے ہیں کہ ’’آئین کی حفاظت کے لیے ہم جان کی بازی لگا دیں گے۔ ہر قیمت پر آئین اور عوام کے حقوق کی ہم حفاظت کریں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’بی جے پی کے لوگ آپ کو ’وَنواسی‘ کہتے ہیں۔ بی جے پی نے آپ کو یہ نام اس لیے دیا ہے کیونکہ وہ آپ کو حق اور حصہ داری نہیں دینا چاہتے۔ لیکن میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ وَنواسی نہیں، آپ ’قبائلی‘ ہیں، آپ ہندوستان کے پہلے مالک ہیں۔‘‘


رام مندر کی ’پران پرتشٹھا‘ تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو مدعو نہ کیے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی نے رام مندر کی پران پرتشٹھا کی، نئی پارلیمنٹ کا افتتاح کیا۔ ملک کی صدر قبائلی ہیں، اس لیے وہ آپ کو کہیں نظر نہیں آئیں۔ نریندر مودی نے ملک کی صدر کی بے عزتی کی، ان کے دل میں قبائلیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آپ کا میرے کنبہ کے ساتھ بہت پرانا رشتہ ہے۔ میں دہلی میں آپ کا فوجی ہوں، میں آپ کے جل-جنگل-زمین کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر لڑوں گا۔‘‘

اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے ’اگنی ویر منصوبہ‘ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگنی ویر منصوبہ فوج لے کر نہیں آئی تھی، یہ نریندر مودی اور بی جے پی کا منصوبہ ہے۔ ہم اگنی ویر منصوبہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ ہم چاہتے ہیں ملک کے سبھی فوجیوں کو ایک جیسا احترام ملے۔‘‘ نریندر مودی حکومت کو عوام مخالف اور قبائل مخالف قرار دیتے ہوئے راہل نے شرکا کے سامنے یہ سوال بھی رکھ دیا کہ ’’آپ کو فیصلہ لینا ہے... آپ کس کی حکومت بنائیں گے، اڈانی اور نریندر مودی کی، یا غریبوں، دلتوں، قبائلیوں، پسماندوں کی حکومت؟‘‘


اس سے قبل راہل گاندھی سنگھ بھوم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انتخاب قبائلیوں، دلتوں، پسماندوں کے مستقبل کا انتخاب ہے۔ اس انتخاب میں کانگریس پارٹی اور انڈیا اتحاد مل کر آئین کی حفاظت کر رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آئین سے آپ کو ریزرویشن ملتا ہے۔ آئین سے آپ کو تعلیم، صحت اور ملازمت ملتی ہے۔ اگر آئین مٹ گیا تو دلت، پسماندہ، قبائلی طبقہ کے سارے حقوق چھن جائیں گے۔ ملک کی ساری دولت اڈانی جیسے چنندہ ارب پتیوں کے ہاتھ میں چلی جائے گی۔ اڈانی کی نظر آپ کے ’جل-جنگل-زمین‘ پر ہے اور نریندر مودی اس کے لیے کام کرتے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے سنگھ بھوم میں 50 فیصد ریزرویشن کی حد ہٹانے کا عزم بھی دہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی ریزرویشن کی 50 فیصد والی حد کو ختم کر ریزرویشن کو بڑھا دے گی۔ ہم سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔‘‘ مودی حکومت کی قبائل مخالف پالیسیوں پر حملہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پیسا قانون، حصول اراضی بل، ٹرائبل بل لے کر آئی، لیکن بی جے پی نے ان سبھی کو کمزور کر دیا۔ کانگریس پارٹی آپ کے ’جل-جنگل-زمین‘ کی حفاظت کرے گی، آپ کو آپ کے حقوق لوٹائے گی۔‘‘ انھوں نے خصوصاً قبائلی طبقہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کسی بھی بی جے پی لیڈر سے کہیں گے کہ ہم قبائلی ہیں، ہمارا ’جل-جنگل-زمین‘ پر پہلا حق بنتا ہے، کیونکہ ہم یہاں کے پہلے مالک ہیں، تو ان کا جواب ہوگا- آپ وَنواسی ہیں، جنگل میں رہیے، ایسے سوال مت پوچھیے... حقوق کی بات مت کیجیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔