حیدرآباد: عصمت دری اور قتل کے ملزم کی موت، ریل کی پٹری پر لاش برآمد، ٹیٹو سے ہوئی شناخت
تلنگانہ کے وارنگل میں ریلوے ٹریک کے پاس پولیس کو ایک لاش برآمد ہوئی ہے، یہ لاش حیدرآباد میں 6 سال کی بچی کے ساتھ ریپ اور پھر قتل کے ملزم کی ہے
حیدرآباد: تلنگانہ کے حیدرآباد ضلع کے سید آباد میں 6 سال کی بچی کے ساتھ ریپ اور قتل کا معاملہ لگاتار سرخیوں میں ہے۔ جمعرات کو حیدرآباد پولیس کو ریلوے ٹریک کے پاس ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ یہ لاش اس معاملہ کے ملزم کی ہے، تلنگانہ کے ڈی جی پی نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ دراصل، وارنگل میں ریلوے ٹریک پر لاش برآمد ہوئی ہے۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو لاش کی جانچ کی گئی جس کے بعد ہاتھ پر بنے ٹیٹو کی بنیاد پر یہ پایا گیا کہ یہ لاش سید آباد ریپ اور قتل واقعہ کے ملزم کی ہی ہے۔
حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے کہا کہ تفتیش کے مطابق لاش تاحال ملزم کی ہی لگ رہی ہے لیکن اس کی تصدیق کسی طرح کے نتیجہ کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد تلنگانہ کے ڈی جی پی نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔
تلنگانہ کے ڈی جی پی نے ٹوئٹ کر کے لکھا، ’’سنگارینی کالونی ریپ اور قتل کے ملزم کی لاش ریلوے ٹریک پر برآمد ہوئی ہے۔ یہ علاقہ گھن پور پولیس کے تحت آتا ہے۔ بدن پر کئی نشانیوں کی بنیاد پر لاش ملزم کے ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو حیدرآباد تلنگانہ میں 6 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ بچی کی پہلے آبروریزی کی گئی اور بعد میں اسے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کو 30 سالہ ملزم پر شک تھا جو لڑکی کے پڑوس میں رہتا تھا۔
پولیس نے ملزم پر دس لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا۔ دریں اثناء تلنگانہ کے وزیر مالا ریڈی نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ پولیس اس کیس میں ملزم کو پکڑے گی اور پھر اس کا انکاؤنٹر کر دے گی۔ وزیر کے بیان کے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم مردہ پایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔