حیدرآباد: کانگریس کے ’چلو راج بھون مارچ‘ پر پولیس کا لاٹھی چارج، صورتحال کشیدہ

کانگریس کے لیڈروں، کارکنوں اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار اور پھر دھکم پیل ہوئی تو پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا۔ کئی احتجاجی آر ٹی سی کی بسوں پر چڑھ کر نعرے بازی کی۔

حیدرآباد میں مظاہرہ / تصویر ٹوئٹر
حیدرآباد میں مظاہرہ / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بار بار ای ڈی کی جانب سے پوچھ گچھ کے لئے طلب کئے جانے اور گزشتہ روز قومی راجدھانی دہلی میں واقع پارٹی کے صدر دفاتر میں گھس کر پولیس اہلکاروں کی پارٹی لیڈران پر کی گئی زیادتیوں کے خلاف ملک بھر کے ساتھ تلنگانہ میں بھی کانگریس لیڈران اور کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پارٹی کی ریاستی یونٹ کی جانب سے راجدھانی حیدرآباد میں راج بھون چلو مارچ اور گھیراؤ کی کال دی گئی تھی مگر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکے جانے پر موحول کشیدہ ہو گیا۔

کانگریس کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لیڈروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد راج بھون کے لئے روانہ ہوئی۔ دریں اثنا، حیدرآباد میں پولیس نے دہلی کا ہی نظارہ پیش کرتے ہوئے کانگریس لیڈران اور کارکنان پر لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر توڑ پھوڑ اور اگ زنی کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین بسوں کو روک کر مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔


کانگریس کے مارچ کے پیش نظر راج بھون جانے کے راستہ میں پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔ پولیس نے بیریکیڈس لگاکر انہیں روکنے کی کوشش کی، تاہم کانگریس کے لیڈروں بشمول صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی، پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں جگاریڈی، گیتاریڈی، بھٹی وکرامارکا، باسوراجو، سرینواس کرشنن اور دیگر نے ان کو ہٹا دیا اور راج بھون کی سمت روانہ ہو گئے۔ اسی دوران ریونت ریڈی، جگاریڈی، بھٹی وکرامارکا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

ریونت ریڈی کو پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کے دوران کانگریس کارکنوں نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا، جس کے سبب صورتحال کشیدہ ہو گئے۔ کانگریس کے لیڈروں، کارکنوں اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار اور پھر دھکم پیل ہوئی تو پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا۔ کئی احتجاجی آر ٹی سی کی بسوں پر چڑھ کر نعرے بازی کی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔