مظفرپور گرلز ہاسٹل معاملہ: منجو ورما کے شوہر کی خود سپردگی

مظفر پور گرلس شیلٹر ہوم جنسی استحصال معاملے میں ملزم کے مکان سے کارتوس برآمد ہونے کے بعد سے فرار چل رہے بہار کی سابق وزیر منجوورما کے شوہر چندرشیکھر ورما نے گزشتہ روز عدالت میں خود سپردگی کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بیگوسرائے: مظفر پور گرلس شیلٹر ہوم جنسی استحصال معاملے میں نام آنے کے بعد مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کی چھاپے ماری میں مکان سے کارتوس برآمد ہونے کے معاملے میں فرار چل رہے بہار کی سابق سماجی فلاح وزیر منجوورما کے شوہر چندرشیکھر ورما نے گزشتہ روز عدالت میں خود سپردگی کر دی۔

ذرائع نے یہاں بتایاکہ سی بی آئی کی ٹیم نے اس سال 17 اگست کو بیگو سرائے ضلع میں چوریابریار پور تھانہ علاقہ کے ارجن ٹولہ واقع ان کی رہائش سے 50 کارتوس برآمدکئے تھے ۔ اس معاملے میں مسٹر ورما کے خلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ فرار چل رہے تھے ۔ پولیس کی لگاتار چھاپے ماری کے مد نظر مسٹر ورما نے ضلع میں مجھول ڈویژنل سول کورٹ میں خود سپردگی کر دی۔ اس کے بعد عدالت انہیں چودہ دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔

اس دوران ورمانے اہلیہ منجو ورما کو بے قصور بتایا اور کہاکہ ” اگر میرے گھر سے کارتوس ملے ہیں تو اس میں میری اہلیہ کا کوئی قصور نہیں ہے ۔“ انہوں نے بہار کے دبنگ سابق ایم پی شہاب الدین کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ جب ان کے گھر سے اسلحہ ملے تو ان کی اہلیہ حنا شہاب قصور وار نہیںہوئی تو پھر مسز ورما کیسے قصور وار ہو سکتی ہیں۔

اس سے قبل بیگو سرائے کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوکاش کمار نے 26 اکتوبر کو کہا تھاکہ آرمس ایکٹ معاملے میں اگر مسٹر ورما کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ان کے آبائی رہائش کی قرقی ۔ ضبطی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ درج ہونے کے بعد مسز ورما اور ورما نے بیگو سرائے کی ایک سیشن عدالت میں پیشگی ضمانت کے لئے پٹیشن دائر کی تھی ۔

اس کے بعد اس سال 09 اکتوبر کو پٹنہ ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے میں مسز ورما کی پیشگی ضمانت خارج کر دی تھی ۔ وہیں اس معاملے میں خود سپردگی نہیں کرنے کی وجہ سے بیگو سرائے ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے 11 اکتوبر کو مسٹرورما کے خلاف اشتہار جاری کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ اس کے مد نظر پولیس نے 12 اکتوبر کو ان کے ارجن ٹولہ واقع مکان پر اشتہار چسپاں کیا تھا۔
واضح رہے کہ سی بی آئی نے مظفر پور گرلس شیلٹر ہوم جنسی استحصال معاملے میں اس سال 17 اگست کو مسز ورما کے پٹنہ کے سرکاری اور بیگو سرائے واقع رہائش کے ساتھ ہی بہار کے چار اضلاع میں 12 ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔