حریت کانفرنس نےکیا جنگ بندی کا خیر مقدم
حریت نے یہ بات پھر زور دے کر کہی کہ مسائل کے حل کے لئے بات چیت ہی بہترین اور واحد ذریعہ ہے اور حریت کانفرنس نے ہمیشہ اس کی حمایت اور وکالت کی ہے۔
وادی کشمیر میں میرواعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے بھارت اور پاکستان کی فوج کی جانب سے دیئے گئے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جموں وکشمیر کی جنگ بندی لائن یعنی ایل او سی کے دونوں جانب جانی و مالی نقصان کو روکنے میں مدد ملے گی جس کا سامنا ایک لمبی مدت سے وہاں کے عوام کر رہی ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ صحیح سمت میں ایک مثبت قدم ہے کیونکہ ایل او سی کے دونوں اطراف کے لوگ مستقل خطرات سے دو چار رہ کر زندگی گزار رہے ہیں، دونوں طرف کے عوا م کے راحت رسانی کے ساتھ ساتھ خونریزی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
حریت ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں اطراف کے ڈی جی ایم اوز نے ایل او سی کے حوالے سے جہاں بھارت پاک مشترکہ مفادات اور قیام امن کی بات کی ہے صحیح طور پر ایک دوسرے کے خدشات کا احساس اور ادراک کرتے ہوئے ان مسائل کی نشاندہی کی ہے وہیں حریت کانفرنس یہ محسوس کرتی ہے کہ اصل تنازع کے حل کے لئے بھارت اور پاکستان کی حکومتیں کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کو مد نظر رکھ کر مسئلہ کشمیر کو پُرامن مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کے لئے کوشش کریں گی۔
حریت نے یہ بات پھر زور دے کر کہی کہ مسائل کے حل کے لئے بات چیت ہی بہترین اور واحد ذریعہ ہے اور حریت کانفرنس نے ہمیشہ اس کی حمایت اور وکالت کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔