کشمیر: سوپور میں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں حریت کارکن کا قتل

مہلوک حکیم الرحمان بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی قیادت والی حریت کانفرنس (گ) کے ساتھ وابستہ تھے اور انہیں حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بومئی سوپور میں ہفتہ کے روز نامعلوم اسلحہ برداروں نے حریت کانفرنس کے ایک کارکن کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے سوپور کے مضافاتی علاقہ بومئی میں 45 سالہ حکیم الرحمان سلطانی ولد مرحوم مفتی نظام الدین سلطانی ساکنہ ریشی پورہ بومئی پر گولیاں چلائیں۔ انہوں نے بتایا زخمی حکیم الرحمان کو فوری طور پر سوپور اسپتال لے جایا گیا لیکن انہیں وہاں مردہ قرار دے دیا گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق حکیم الرحمان بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی قیادت والی حریت کانفرنس (گ) کے ساتھ وابستہ تھے۔ انہیں حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

آزادی حامی سرگرمیاں چلانے کی بناء پر انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ وادی میں رواں برس کسی حریت کارکن کا نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں قتل کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل رواں برس 13 فروری کو وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں حریت کانفرنس (گ) کارکن محمد یوسف راتھر عرف یوسف ندیم کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔