ہاردک کی بھوک ہڑتال کا 16واں دن، شرد یادو کی کھا پی کر جنگ لڑنے کی صلاح

یادو نے ایس جی وی پی اسپتال میں ہاردک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے پاٹیدار لیڈر سے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف جنگ کے لئے صحت مند رہنا ضروری ہے اور یہ لڑائی کھا پی کر ہونی چاہئے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

احمد آباد: بھوک ہڑتال کے دوران طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل پاٹيدار آرکشن آندولن سمیتی (پاس) کے رہنما ہاردک پٹیل کی بھوک ہڑتال کا آج 16واں دن ہے، حالانکہ انہوں نے ہڑتال کے 15 ویں دن پانی پینا شروع کر دیا۔ ہاردک سے ملنے آئے لوک تانترک جنتا دل کے لیڈر شرد یادو نے انہیں پانی پلایا۔ ’پاس‘ نے دعوی کیا کہ ان کی غیرمعینہ بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

یادو نے ایس جی وی پی اسپتال میں ہاردک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے پاٹیدار لیڈر سے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف جنگ کے لئے صحت مند رہنا ضروری ہے اور یہ لڑائی کھا پی کر ہونی چاہئے۔ اب انہوں نے پانی پینا شروع کیا ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر وہ کھانا بھی جلد ہی شروع کردیں گے۔

’پاس‘ کے ترجمان منوج پنارا نے بتایا کہ ہاردک نے ڈاکٹروں کے مشورے پر پانی پینا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بات چیت کے لئے اب تک سامنے نہیں آئی ہے اس لئے ان کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

ہاردک نے گزشتہ 25 اگست سے کسانوں کے قرض کی معافی، پٹیل برادری کے ریزرویشن اور غداری کے معاملے میں گرفتار ان کے ساتھی الپیش کتھیریا کی رہائی کے مطالبے پر بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ بھوک ہڑتال کے 14 ویں دن انہیں طبیعت خراب ہونے کے سبب سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے اس سے پہلے 30 اور 31 اگست کو بھی پانی پینا چھوڑ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Sep 2018, 9:12 AM