سورت ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ، ایک شخص کی موت، متعدد زخمی
جیسے ہی چھپرہ جا رہی ٹرین اسٹیشن پر پہنچی تو مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، کئی مسافر اس بھگدڑ میں گر گئے اور دوسرے مسافروں سے انھیں شدید چوٹ پہنچی۔
گجرات کے سورت ریلوے اسٹیشن پر مچی بھگدڑ میں بہار کے ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ سورت ریلوے اسٹیشن پر دیوالی کے موقع پر گھر جانے کے لیے دو دنوں سے زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ آج جیسے ہی چھپرہ جا رہی ٹرین اسٹیشن پر پہنچی تو مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ میں بڑی تعداد میں مسافروں کو گرنے سے چوٹ پہنچی ہے۔ اس بھگدڑ کے درمیان ہی ایک شخص گر پڑا اور پھر زخمی ہونے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زبردست بھیڑ کے درمیان ٹرین پکڑنے کے لیے کئی مسافر دوڑ پڑے جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ کئی گرے ہوئے مسافروں کو وہاں پر موجود آر پی ایف افسران نے سی پی آر دے کر بچایا۔ بھگدڑ کے اس واقعہ میں پانچ مسافروں کے بیہوش ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات میں بہار سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کام کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دیوالی اور چھٹھ کے تہوار پر وہ اپنے گھر آنا چاہتے ہیں اور گجرات سے بہار کے لیے چلنے والی ٹرینوں میں زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایک دن قبل بھی گجرات سے بہار روانہ ہونے والی ٹرینوں میں بھیڑ کا یہ عالم دیکھنے کو ملا تھا کہ کئی مسافر ٹرین کی ایمرجنسی کھڑکیوں کے ذریعہ ٹرین کے اندر داخل ہو رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔