24 گھنٹے کے اندر رک گیا پی ایم مودی کے پسندیدہ ضلع مجسٹریٹ کا ٹرانسفر!
2 نومبر 2019 کو جب لوک سبھا انتخاب میں جیت کر بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئی تھی تو حکومت نے پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کی کمان کوشل راج شرما کو دی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے جس ضلع مجسٹریٹ کا ٹرانسفر ہو گیا تھا، فی الحال اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے ٹرانسفر کو روک دیا گیا ہے۔ جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما کی۔ اب سوال یہ ہے کہ آخر ایسا کیا ہوا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما کا ٹرانسفر حکم جاری ہونے کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں رک گیا۔
واضح رہے کہ پروموشن کے بعد کوشل راج شرما کا ٹرانسفر جمعہ کو پریاگ راج کے ڈویژنل کمشنر عہدہ پر کر دیا گیا تھا، لیکن بعد میں اوپر سے ملے اشارے کے بعد انتظامیہ کو اپنا یہ فیصلہ بدلنا پڑا۔ بہرحال، بنارس پر گہری نظر رکھنے والے جانتے ہیں کہ یہ وقت ساون کا ہے اور ساون کے درمیان عموماً وہاں تبادلے نہیں ہوتے۔ کم از کم ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے تو بالکل بھی نہیں۔ کوشل راج شرما کا تبادلہ روٹین میں اس لیے جاری ہو گیا تھا کہ ان کا پروموشن ہوا تھا اور ایسے میں انھیں نیا عہدہ جوائن کرنا ہی تھا۔ انھیں کمشنر پریاگ راج ڈویژن بنایا گیا تھا۔ وارانسی میں ساون کا مہینہ ویسے بھی کافی حساس مانا جاتا ہے اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی نہیں چاہتے کہ اس کے درمیان کسی نئے اور وارانسی سے کم تعارف رکھنے والے افسر کو وہاں کی کمان سونپی جائے۔
پرانے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے کوشل راج شرما کو وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ عہدہ پر بنے رہنے کا نیا فرمان آناً فاناً میں جاری کیا گیا۔ اس کے بعد چہ می گوئیاں بھی شروع ہو گئیں۔ ذرائع کی مانیں تو کوشل راج شرما کا تبادلہ روکنے کی پیش قدمی وارانسی میں پی ایم کیمپ دفتر (مقامی رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے) سے ہوئی اور اسی کی پہل کے بعد خود وزیر اعظم دفتر نے مداخلت کی۔ بتاتے ہیں کہ ساون کے دو پیر باقی ہونے اور مودی کی ترجیح والے کچھ دیگر منصوبے پورے نہ ہونے تک انھیں وہیں رکھے جانے کا حکم ہوا ہے۔ بتاتے ہیں کہ حکومت کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں کسی بھی ایڈمنسٹریٹو پھیر بدل سے پہلے وزیر اعظم دفتر کو ضرور مطلع کیا جائے۔
کون ہیں کوشل راج شرما؟
کوشل راج شرما بنیادی طور سے ہریانہ کے بھوانی ضلع کے رہنے والے ہیں۔ ان کی پیدائش 5 اگست 1978 کو ہوئی ہے۔
کوشل راج شرما نے 2006 میں آئی اے ایس کا امتحان پاس کیا اور یوپی کیڈر میں شامل ہوئے۔ اس کے پہلے انھوں نے ٹیکسٹائل انجینئرنگ سے ایم ٹیک اور پھر ایم اے پبلک پالیسی کی پڑھائی کی ہے۔
وارانسی سے پہلے وہ پریاگ راج، کانپور جیسے بڑے اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ رہ چکے ہیں۔ 2 نومبر 2019 کو جب لوک سبھا انتخاب میں جیت کر بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آئی تھی، تب حکومت نے وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کی کمان کوشل راج شرما کو دی تھی۔
تب سے لے کر آج تک وہ اس عہدہ پر بنے رہے۔ اس دوران انھوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے کئی منصوبوں کو آگے بڑھایا۔
کوشل راج شرما کو کیوں پسند کرتے ہیں وزیر اعظم مودی؟
2019 میں جب کوشل راج شرما نے وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کا عہدہ سنبھالا تھا، تب بی جے پی حکومت کافی تنازعات میں گھر گئی تھی۔ کوشل راج شرما نے کمان سنبھالتے ہی مرکزی اور ریاستی حکومت کے تمام منصوبوں میں تیزی لانے کا کام کیا، چاہے وہ کاشی وشوناتھ کوریڈور ہو یا وارانسی کی سڑکوں کی چوڑی کاری کا عمل۔ کورونا بحران میں بھی ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کافی محنت کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔