کرائسٹ چرچ حملہ: جاں بحق حیدرآبادی نوجوان کے والد کو تلنگانہ کے وزیرداخلہ کا پُرسہ

تنلگانہ کے وزیر داخلہ نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے والد کو پُرسہ دیا، حملہ کے بعد سے ہی غذیر لاپتہ تھے تاہم اتوار کی صبح ان کے خاندان کو ان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: نیوزی لینڈ کی مسجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں جاں بحق حیدرآبادی نوجوان غذیر قادر کے والد سے تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی ا ورمجلسی لیڈروں نے ملاقات کی۔

وزیرداخلہ نے منگل کے روز مجلس کے رکن اسمبلی محمد ممتاز احمد خان، مجلس کے رکن کونسل مرزاریاض الحسن آفندی ،صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان کے ساتھ نورخان بازار میں واقع 25سالہ ایوی ایشن کے طالب علم غذیر قادر کے مکان پہنچ کران کے والد سے ملاقات کی۔اس موقع پر ان کے والد نے میت کی جلد حیدرآباد منتقلی کے انتظامات پر زور دیا۔محمود علی نے ان کے ارکان خاندان کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے اس خصوص میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیااور غذیر کے والد کو پُرسہ بھی دیا۔ اس واقعہ کے بعد سے ہی غذیر لاپتہ تھے تاہم اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ان کے خاندان کو ان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی۔

بعد ازاں وزیرداخلہ عنبرپیٹ میں واقع اقبال جہانگیر نامی نوجوان کے مکان بھی پہنچے۔ یہ نوجوان دہشت گرد کی فائرنگ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو نیوزی لینڈ میں زیر علاج ہے۔انہوں نے اقبال جہانگیر کے خاندان کو تلنگانہ حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔

عاضح رہے کہ حملہ میں ہلاک ہونے والے عذیر کمرشیل پائلٹ کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔ نیوزی لینڈ میں متعین ہندوستانی ہائی کمشنر نے ملک کے مہلوکین کی جو فہرست جاری کی تھی ان میں عذیر قادر کا نام بھی شامل تھا۔ قادر کرائسٹ چرچ کی مسجد النور میں جمعہ کی نماز کے وقت دہشت گرد کی اندھا دھند فائرنگ میں شہید ہوگئے۔ عذیر قادر کے علاوہ تلگانہ کے فرہاج احسن اور کریم نگر کے نوجوان عمران خاں بھی اس دہشت گرد حملہ میں مارے جا چکے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔