ہندوؤں کو ’فادر‘ اور ’چادر‘ سے دور رہنا چاہئے: بی جے پی رکن اسمبلی کا متنازعہ بیان

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی رامیشور شرما نے کہا کہ ہندوؤں کو فادر اور چادر سے دور رہنا چاہئے، ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے

بی جے پی رکن اسمبلی رامیشور شرما / آج تک
بی جے پی رکن اسمبلی رامیشور شرما / آج تک
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: اپنے بنایات کے حوالہ سے اکثر سرخیوں میں رہنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی رامیشور شرما نے ایک مرتبہ پھر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندووں کو نصیحت کی کہ انہیں فادر اور چادر سے دور رہنا چاہئے۔ رامیشور شرما مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کی کولار سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔

رامیشور شرما کے اس متنازعہ بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ دسہرہ کمیٹی کی ایک تقریب میں شرکت کر رہے ہیں اور اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں، ’’فادر اور چادر سے دو ہو جاؤ ہندوؤ! یہ تمہیں برباد کر دیں گے۔ یہ پیر بابا تمہارے مندر جانے میں رکاوٹ ہیں۔ پیروں کو پوجنے والوں سے کہہ دو کہ تم زمین میں دفن کرنے میں بھروسہ کرتے ہو اور ہم دنیا کو جلانے والے پر بھروسہ کرتے ہیں، جو بجرنگ بلی ہیں۔ اس لئے روایات کی پاسداری کرو اور گُڈ مارننگ بھول جاؤ۔‘‘


یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رامیشور شرما نے اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔ کچھ روز قبل ساگر میں جودھابائی اور مغل بادشاہ اکبر کے بارے میں بولتے ہوئے رامیشور شرما نے کہا تھا کہ انہوں نے محبت نہیں کی تھی بلکہ اقتدار کے لئے بیٹی کو داؤ پر لگایا گیا تھا۔ تاہم اس بیان پر تنازعہ کھڑا ہونے پر انہوں نے راجوت طبقہ سے فوری معافی مانگ لی تھی۔

اس کے علاوہ بھی رامیشور شرما کئی مواقع پر اپنے ہندو نواز بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں اور ان کے نشانہ پر اکثر کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ رہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔