گروگرام: کھلے میں نماز کے خلاف ہندو تنظیم کی بھوک ہڑتال کی دھمکی

سخت گیر ہندوؤں نے ہریانہ کے گروگرام (گڑگاؤں) میں کھلے میں نماز کا معاملہ ایک بار پھر اٹھایا ہے اور بھوک ہڑتال کی دھمکی دے ڈالی ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر/@sakshi_dayal
تصویر بشکریہ ٹوئٹر/@sakshi_dayal
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے گروگرام (گڑگاؤں) میں سخت گیر ہندوؤں نے ایک بار پھر عوامی مقامات پر نماز پڑھنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ ’ہندو سوابھیمان سنگھٹن‘ کے ارکان نے گزشتہ روز اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کھلے مقامات پر نماز پوری طرح سے روکی نہیں جاتی تو آئندہ سوموار سے وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے۔

تنظیم کے کنوینر وکرم سنگھ یادو اور وجے یادو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تنظیم کئی بار ضلع انتظامیہ سے درخواست کرچکی ہے کہ عوامی مقامات پر نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دی جائے، لیکن انتظامیہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر کے نوٹس میں بھی اس معاملے کو لایا گیا تھا۔

تنظیم کے عہدیداروں نے کہا کہ اگلے ہفتے تنظیم کے کارکنان جمعہ کو اداکی جانے والی نمازجمعہ کے مقامات کا ’جائزہ’ لیں گے اور اگر عوامی اور کھلے مقامات پر نماز ادا کی گئی اور انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی تو آئندہ پیر سے سیکریٹریٹ پر بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سال مئی میں گڑگاؤں میں کچھ مقامات پر نماز جمعہ میں خلل ڈالنے کے واقعات رونما ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Sep 2018, 8:21 AM