ویڈیو: ہندوستان کو ’ہندو راشٹر‘ کہنا پڑا مہنگا، لوگوں نے کر جم کر کی دھنائی
منجوناتھ کو فوڈ کورٹ میں بیٹھ کر بات کر رہے کچھ طلباء کی بات پسند نہیں آئی، اس نے کہا کہ ’’ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے، یہاں مسلمانوں کو نہیں رہنا چاہیے۔‘‘ یہ سن کر موجود طلباء نے اس کی پٹائی کر دی۔
کرناٹک میں منگلورو واقع ایک مال میں کچھ لوگوں نے ایک شخص کی اس لیے پٹائی کر دی کیونکہ وہ بار بار کہہ رہا تھا کہ ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے اور مسلمانوں کو یہاں نہیں رہنا چاہیے۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ایک شخص ہندوستان کے ’ہندو راشٹر‘ ہونے کی بات کہہ رہا ہے اور دوسری طرف کچھ مسلم نوجوان لڑکے ہیں جو اسے دور رہنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ جب ہندو نوجوان سامنے والے کی بات نہیں مانتا تو وہاں موجود لوگ اس کی پٹائی کر دیتے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق منگلورو سٹی پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پٹائی کرنے والے دو لڑکوں کو گرفتار کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کے روز منگلورو کے سٹی مال میں پیش آیا۔ کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے بی سی روڈ باشندہ منجو ناتھ شینائے، جو کہ ایک بیمہ ایجنٹ ہے، وہ فوڈ کورٹ میں بیٹھ کر چائے پی رہا تھا۔ وہ اپنے کسی کلائنٹ کا انتظار کر رہا تھا جب اس نے وہاں موجود کچھ طلبا کی باتوں کو سنا۔ طلبا کی باتیں شاید اس کو پسند نہیں آئیں اور وہ ان کے پاس جا کر کہنے لگا کہ ’’ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے، یہاں مسلمانوں کو نہیں رہنا چاہیے۔‘‘ یہ بات سن کر سامنے والے لڑکے ناراض ہو گئے اور بیمہ ایجنٹ کو اپنے ڈسکشن سے دور رہنے کے لیے کہا۔ لیکن منجوناتھ نہیں مانا اور وہ طلبا سے اونچی آواز میں بات کرنے لگا۔ اس سے طلباء مشتعل ہو گئے اور سب نے مل کر منجوناتھ کی پٹائی کر دی۔
منگلورو پولس کمشنر نے اس پورے معاملے میں بتایا کہ دو لوگ گرفتار کیے گئے ہیں جن میں ایک ملزم نابالغ ہے۔ باقی ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے اور جلد ہی وہ بھی گرفتار کر لیے جائیں گے۔ خبروں کے مطابق گرفتار ہونے والوں کے نام صفوان اور عبدالرحیم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں نے بھی منجوناتھ کی پٹائی کی تھی۔ پولس کے مطابق گرفتار صفوان نابالغ ہے اور اس کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس پر جوینائل قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
اس درمیان خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی نے خبر دی ہے کہ پٹائی کے شکار منجوناتھ کے خلاف بھی پنتیشور پولس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ منجوناتھ کے خلاف معاملہ اسی بیان کے لیے درج کیا گیا ہے جس میں اس نے کہا کہ ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے اور مسلمانوں کو یہاں نہیں رہنا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Sep 2019, 12:10 PM