’آپ کے بیانات سن کر آپ کی صحت کو لے کر فکر ہوتی ہے‘، ہیمنت بسوا سرما کو پون کھیڑا نے لکھا خط
کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو خط میں لکھا ہے کہ ’’امید ہے انتخابی نتائج کو لے کر جو فکر بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو ہو رہی ہے، اس کا منفی اثر آپ کی صحت پر نہیں پڑ رہا ہوگا۔‘‘
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ذریعہ راہل گاندھی کے چینی آئین کی کاپی سے متعلق بیان پر کانگریس کے قومی میڈیا انچارج پون کھیڑا نے خط لکھ کر جواب دیا ہے۔ انھوں نے ہیمنت بسوا سرما کو لکھے خط میں ہندوسانی آئین کی کتاب پڑھنے اور ہمیشہ اپنے ساتھ رکھنے کی بھی نصیحت دی۔ پون کھیڑا نے آئین کی پاکیٹ بک بھی شیئر کی ہے۔
دراصل گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی ریلیوں میں ہندوستان کی جگہ چین کی آئین کی کتاب دکھا رہے ہیں۔ ان کے اسی بیان پر کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے پیر کے روز سوشل میڈیا کے ذریعہ انھیں جواب دیا ہے۔ پون کھیڑا نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی آئین کو لے کر آسام کے وزیر اعلیٰ سرما کے قابل اعتراض تبصرہ کو سن کر میں نے آج انھیں ہندوستانی آئین کا پاکیٹ بک ایڈیشن بھیجا۔ گزارش بھی کی ہے کہ وہ اسے پرھیں اور ہمیشہ اپنے ہینڈ بیگ میں رکھیں۔‘‘
کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو لکھی چٹھی سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی ہے اور لکھا ہے کہ ’’امید ہے آپ صحت مند ہوں گے اور انتخابی نتائج کو لے کر جو فکر بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو ہو رہی ہے، اس کا منفی اثر آپ کی صحت پر نہیں پڑ رہا ہوگا۔ آپ کے تبصروں کو سن کر آپ کی صحت کی فکر رہتی ہے۔ کیا کروں، میری پارٹی کی تہذیب ہی کچھ ایسی ہے کہ بھلے ہی اب آپ ہمارے ساتھ نہ رہے ہوں، ایشور سے آپ کی صحت و طویل عمر کی دعا کرتا ہوں۔ ہندوستانی آئین کو لے کر آپ کے انتہائی حیرت انگیز بیان سن کر دل پریشان تو ہوا ہی، بہت فکر بھی ہوئی۔ جب آئین کا حلف لینے والے وزیر اعلیٰ، وزیر اعظم وغیرہ یوں بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کی دھجیاں اڑائیں تو ملک پر چھائے خطرے کے بادل واضح نظر آنے لگ جاتے ہیں۔‘‘
اس خط میں پون کھیڑا آگے لکھتے ہیں کہ ’’آج آپ کو یہ بتانا ضروری ہے کہ آخر آئین ہے کیا؟ آئین سماج کے ہر شخص کو اس کی حکومتوں کے تاناشاہی رویے و سماج میں ایک دوسرے کے حقوق میں خلل ڈالنے کی روش کے خلاف ایک ڈھال ہے۔ ہندوستانی آئین سماج کے ہر طبقہ کی نمائندگی کرنے والی آئین ساز اسمبلی نے سخت محنت سے لکھی ہے۔ یہ 146000 الفاظ کا، یا 481 صفحات کا مجموعہ بھر نہیں ہے، اس آئین میں ہندوستان کی روح بسی ہے۔ یہ ہندوستان کے ہر شہری کی امیدوں، خواہشات و تمناؤں کا مجموعہ ہے۔ ہمارے آبا و اجداد نے ہندوستان کی ثقافتی وراثت اور ہماری تہذیب کے باوقار سفر کا نچوڑ اس آئین میں بخوبی ڈھال دیا۔‘‘
کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے گلوان وادی میں چینی اور ہندوستانی افواج کے ساتھ پرتشدد تصادم کا تذکرہ کرتے ہوئے اس خط میں لکھا ہے کہ ’’چین سے آپ کے، آپ کی پارٹی و آپ کی پارٹی قیادت کے رشتے کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ جس طرح سے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے جون 2020 کو گلوان وادی میں ہوئے تصادم کے بعد ہمارے بہادر فوجیوں کی قربانی کی بے حرمتی کرتے ہوئے چین کو کلین چٹ دی، اس سے پوری دنیا آج تک حیران ہے۔ تاریخ میں 19 جون 2020 ایک سیاہ دن کی طرح ہمیشہ ہر ہندوستانی باشندے کو اور آنے والی نسلوں کو چوٹ پہنچاتا رہے گا۔ آپ نے ہندوستانی آئین کو چین سے جوڑ کر ہندوستان کی، بابا صاحب امبیڈکر کی، ہندوستانی آئین ساز اسمبلی اور ہر ہندوستانی کی جو بے عزتی کی ہے، وہ ناقابل معافی ہے۔‘‘
آخر میں پون کھیڑا نے خط میں وزیر اعلیٰ سرما سے گزارش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی آئین کا پاکیٹ بک ایڈیشن میں آپ کو بھیج رہا ہوں۔ ایک گزارش بھی کرنا چاہتا ہوں، برائے کرم اس ایڈیشن کو آپ اپنے ہینڈ بیگ میں ہمیشہ رکھا کریں۔ یہی آپ کو راستہ دکھائے گا۔ اس آئین سے آپ سیکھ پائیں گے کہ حکومتیں اکثریت پسندی، اقلیت پسندی یا شخصیت پسندی سے نہیں چلتیں، بلکہ آئین پسندی سے چلتی ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔